بلوچی زبان کے نامور مصنف اثیر عبدالقادر شاہوانی کی وفات پر بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کا تعزیتی اجلاس

جمعہ 22 نومبر 2019 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) بلوچی اکیڈمی کے بانی رکن اور بلوچی زبان کے نامور مصنف اثیر عبدالقادر شاہوانی کی وفات پر بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کا تعزیتی اجلاس چیئرمین ممتاز یوسف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں نامور ادیب وشعراء، محقق وصحافی اوراکیڈمی دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بانی رکن اثیر عبدالقادر شاہوانی کے ناگہانی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا گیا، پسماندگان سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔

اجلاس میں ان کی بلوچی زبان وادب کے لئے گراں قدر خدمات، اکیڈمی کے ساتھ دیرینہ رفاقت اور صحافتی ذمہ داروں پر روشنی ڈالی گئی اور انہیں انکی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مرحوم شاہوانی نہ صرف بلوچی اکیڈمی کے بانی رکن تھے بلکہ 7جولائی1995ء سے 31جولائی2004ء اور پھر 14اگست2008ء سے 3اگست2013ء تک پندرہ سال کا عرصہ اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری کے عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے براہوئی زبان وادب کے ترقی وترویج کے لئے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ مرحوم کے وفات سے بلوچی زبان و ادب کے شعبے میں جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ عرصہ دراز تک محسوس کیا جائے گا۔مرحوم شاہوانی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں احسن خدمات سرانجام دیں۔وہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے بحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریٹائرڈ ہوئے۔ مرحوم نے بلوچستان کی تاریخ، ثقافت، جغرافیہ، زبان وادب سمیت مختلف موضوعات پر درجنوں کتابیں تصنیف کیں اور قومی، علاقائی اورمقامی اخبارات، رسائل وجرائد میں بلوچی میں انگنت مضامین اور مقالے لکھے۔بلوچی اکیڈمی کے چیئرمین کی سربراہی میں ایک وفد نے ان کے گھر جاکر پسماندگان سے تعزیت کی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں