وزیراعلیٰ بلوچستان نے دالبندین میں غیر معیاری سٹریٹ لائٹس کی فراہمی پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ افسران ، عملے کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کی سفارش پر ڈسٹرکٹ موسی خیل میں سولر اسٹریٹ لائٹس کے لیے سنگل پول کی عدم فراہمی وتنصیب اور مذکورہ اسکیم کے ٹھیکیدار کو فج بلنگ (Fudge Billing) کے ذریعے ایڈ وانس ادائیگی, خاران ٹاؤن میں بس و ٹرک اڈا کی ناقص اور غیرمعیاری تعمیر، چلڈرن پارک دالبندین کے غیر معیاری کام و ٹھکیدار کو ایڈوانس رقم کی ادائیگی اور دالبندین شہر میں غیر معیاری اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ افسران اور عملے کے خلاف فوری طور پر بیڈا ایکٹ 2011 کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل 17اور 25 اکتوبر 2019 ء کو سی ایم آئی ٹی کی رپورٹ پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں دس اضلاع کی 68 اسکیمات اور منصوبے زیر بحث آئے جس میں پانچ اسکیمات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سی ایم آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے چلڈرن پارک دالبندین کے غیر معیاری کام اور پی سی ون کے برخلاف ایم بی میں اندراج اور ٹھیکیدار کو رقم کی ایڈوانس ادائیگی پر لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ عملدرآمدی افسران و عملے کا کیس اینٹی کرپشن بلوچستان کو بھی بھجوانے کی ہدایت کی ہے سی ایم آئی ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی ایم آئی ٹی کی ٹیم نے پورے موسیٰ خیل شہر کا دورہ کیا۔

جہاں جائزہ لینے کے بعد پتہ چلا کہ مذکورہ اسکیم کے تحت شہر میں سولر اسٹریٹ لائٹس کے لیے کوئی ایک بھی کھمبا نصب نہیں کیا گیا تھا اور ٹھیکیدار کو فج بلنگ Fudge Billing) ) کے ذریعے رقم کی پیشگی ادائیگی بھی کر دی گئی تھی۔ رپورٹ میں مزیدکہاگیاہے کہ خاران ٹاؤن میں بس و ٹرک اڈا کی تعمیر کے سول کام میں تمام اجزاء غیر معیاری پائے گئے اور دیگر تعمیراتی کام میں بھی ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا تھا اس کے باوجود کنٹریکٹر کو ایڈوانس پیمنٹ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے دالبندین شہر میں اسٹریٹ لائٹ کی فراہمی اور تنصیب کے کام کو غیر معیاری پائے جانے کے باعث ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ اور نظام میں پائے گئے نقائص کو دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ واشک کے مختلف علاقوں میں انتظار گاہوں کی تعمیر سے متعلق محکمہ لوکل گورنمنٹ کو فوری طور پر انکوائری کرانے کا حکم دیتے ہوئے جلد رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں