18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبے کو ملنے والے اختیارات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے قانون سازی کا عمل جاری ہے، جام کمال خان

معدنی وسائل کی تلاش وترقی کے منصوبوں میں صوبے کی شراکت داری ،حقوق کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومت مضبوط موقف پر قائم ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبے کو ملنے والے اختیارات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے قانون سازی کا عمل جاری ہے، خاص طور سے معدنی وسائل کی تلاش وترقی کے منصوبوں میں صوبے کی شراکت داری اور حقوق کے تحفظ کے لئے صوبائی حکومت مضبوط موقف پر قائم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ کی مجلس قائمہ برائے پٹرولیم کے چیئرمین سینٹر محسن عزیز کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سینیٹر تاج آفریدی، سینیٹر شمیم آفریدی، سینیٹر میر کبیر محمد شہی وفد میں شامل تھے، ملاقات میں بلوچستان کے معدنی وسائل اور تیل اور گیس کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی اور مجلس قائمہ کے اراکین نے 18ویں ترمیم کے تناظر میں قدرتی وسائل کی ملکیت اور حقوق پر وزیراعلیٰ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مجلس قائمہ اس موقف کی بھرپور حمایت کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے قدرتی وسائل کی ترقی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے جامع منرل پالیسی متعارف کرائی ہے، جس میں معدنی ذخائر کے ساتھ ساتھ کانکنوں کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع قدرتی گیس سے محروم ہیں اس کمی کو پورا کرنے کے لئے ایل پی جی پلانٹس کی تنصیب کے منصوبے پر بھرپور عملدرآمد کی ضرورت ہے، بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جون میں رواں مالی سال کے بجٹ کی منظور ی کے بعد جولائی میں ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر کا اجراء شروع کیا گیا اور اب تک ستر فیصد نئے منصوبوں کے ٹینڈر جاری کئے جاچکے ہیں، صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں قانون سازی کرے گی جس کی صوبائی کابینہ نے منظوری دی ہے، مجلس قائمہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ انہوں نے گذشتہ روز پی ایم ڈی سی اور نجی شعبہ میں کوئلہ کانوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا ہے، چیئرمین مجلس قائمہ نے کہا کہ کوئلہ کانکنوں کے لئے سہولیات کی انتہائی کمی ہے، پی ایم ڈی سی کو کانکنوں کے لئے بنیادی سہولیات صحت، تعلیم اور تربیت کی فراہمی کی ہدایت کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یقین دلایا کہ نجی کوئلہ کانوں کے مالکان کو کانکنوں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کرنے کا پابند کیا جائے گا جبکہ کانکنی کے علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیںگے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں