کمشنر قلات ڈویژن کا ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ، ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری

اتوار 19 جنوری 2020 19:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) کمشنر قلات ڈویژن حافظ محمد طاہر نے دورہ ضلع لسبیلہ کے دوران دریجی اور ساحلی شہرگڈانی میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ کیا اور ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں، ترقیاتی اسکیموں کے معیار اور سستی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، متعلقہ آفیسران اپنی نگرانی میں مفاد عامہ کی اسکیموں کو مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر قلات ڈویژن نے بلوچستان کے ساحلی شہر گڈانی اور تحصیل دریجی کے دوردراز علاقوں میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کے معائنہ کے موقع پر آفیسران اور علاقہ کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حب مہراللہ بادینی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی قلات ڈویژن محمد صادق نوتانی چیف آفیسر میونسپل گڈانی سید سلیم شاہ و دیگر محکموں کے ذمہ دارن بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ ترقیاتی اسکیمات عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کے دئیے گئے ٹیکسوں کے پیسوں سے بنتی ہیں، عوام کو چاہیے کہ وہ خود ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کریں اور ذمہ داران کے ساتھ تعاون کریں جہاں بھی عوام کو کوئی غیر معیاری کام یا ترقیاتی کاموں میں سستی نظر آئے تو وہ ڈپٹی کمشنر یا مجھے بروقت اطلاع کریں تاکہ اس سلسلے میں حکومت بروقت نوٹس لے اور ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرے تاکہ ترقیاتی کام برقت اور معیار کے مطابق مکمل ہوں اور عوام کا پیسہ ضائع نہ ہو۔

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ میں پورے قلات ڈویژن کی ایک ایک اسکیم کا معائنہ کررہا ہوں اگر کہیں بھی عوامی مفاد عامہ کے کاموں میں ہیراپھیری نظر آئی یا کوئی بھی ترقیاتی کام کاغذوں کی حدتک پایا گیا تو حکومت ان ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی سے گریز نہیں کرے گی۔ کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ حکومت دور دراز علاقوں میں عوام کو پانی تعلیم صحت سمیت مختلف ترقیاتی اسکیمات پر اربوں روپے خرچ کررہی ہیں تاکہ دور دراز کے علاقوں کے عوام کو ان کے علاقے میں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات میسر ہو اور ان کا معیار زندگی بلند ہو۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں