بلوچستان کے عوام نے حکومت اورسیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کو ملیا میٹ کر دیا،

وزیراعظم عمران خان کا دوٹوک موقف ہے کہ پاکستان خطہ میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا ، برفباری وبارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کی جائے گی وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس

جمعرات 23 جنوری 2020 18:03

بلوچستان کے عوام نے حکومت اورسیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کو ملیا میٹ کر دیا،
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے حکومت اورسیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بیرونی سازش کو ملیامیٹ کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان کا دوٹوک موقف ہے کہ پاکستان خطہ میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، اپنی خود مختاری و قومی مفاد کو دوسروں کے مفاد کیلئے ہرگز قربان نہیں کریں گے ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کو ختم کرکے ہر مرحلے پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیںگے، وفاقی حکومت پوری قوت کے ساتھ اپنی اتحادی جماعتوں اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ کھڑی ہے،یہ بات انھوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار احمد زئی، ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسی خیل، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی، صدر کوئٹہ پریس کلب رضاء الرحمن، ڈائریکٹر جنرل نظامت تعلقات عامہ شہزادہ فرحت ،ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ عبدالمنان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء آصف خان ترین اورادریس بڑیچ بھی موجود تھے،وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت کرکے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے، صوبے کی احساس محرومی کو ختم کرنا منتخب حکومت کی ترجیح ہے صوبے کے امن کیلئے سیکورٹی فورسز، صحافیوں اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی قرار دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت صوبے کی ترقی کیلئے شانہ بشانہ ہے۔ مسائل اور 70 سال کے چیلنجز کو چند ماہ میں ختم نہیں کیا جاسکتا۔ بلوچستان میں افواج پاکستان ، سیکورٹی اداروں حکومت اور عوام نے مل کر امن دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرصوبے کے برفباری اور بارش سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیاہے ، این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر برفباری اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والے 20 میں سے ہر فرد کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے ،جبکہ 23زخمیوں میں سے ہر زخمی کو پچاس ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی ، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایرپورٹ ، مکران میں شاہراہوں ، ووکیشنل سینٹرز اور دوسرے منصوبوں کیلئے 740 ملین ڈالرز کھے منصوبے گوادر میں شروع کئے گئے ہیں ٹیچنگ ہسپتال، نرسنگ ہسپتال اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، پاکستان کا تیسرا بڑا ایئرپورٹ گوادر میں بنایا جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے دورے میں 65 ارب روپے کی لاگت کا مغربی روٹ کے ژوب کچلاک سیکشن،17ارب روپے کی لاگت سے مکران ساحل کے لیے ٹرانسمیشن لائن بچھانے ،23ارب روپے کی لاگت کا نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ ہسپتال اور ووکیشنل انسٹیٹوٹ کی بنیاد رکھی،رواں سال گوادر ہسپتال اور گوادر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر پر کام شروع ہوجائے گا،گوادر بندرگاہ کو کوسٹل ہائی وے کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے ایکسپریس ہائی وے پر تیز ی سے کام جاری ہے جس سے رسد کی فراہمی میں آسانی ہوگی ، وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ ترقی کے عمل میں ماہی گیروں اور مقامی افراد کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں گوادر ماسٹر پلان کے تحت اسپیشل ایریا ز رکھے جارہے ہیں جس میں مقامی افراد کی امنگوں کو ملحوظ کو خاطر رکھا جائے گا، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلوچستان میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے چالیس سے زائد صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں صحافیوں کی رہائشی کالونی میں پہلا بلاک شہدا بلاک کے نام سے شہید ہونے والے صحافیوں کے اہل خانہ کیلئے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی کو اہم سمجھتے ہیں اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر صوبے کی ترقی خوشحالی اور مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں،صحت ،تعلیم ،انفراسٹکچر کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور تعاون کررہی ہے صوبے کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی صلاحیتوں سے ملک وقوم کی خوشحالی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے عالمی سطح پر واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں ہونے والی کسی بھی جنگ میں حصہ دار نہیں بنے گااور کسی ملک کے مفاد کے لیے ہم اپنے مفادات کو قربان نہیں کرینگے، دنیا بھر میں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھانے والے کا وعدہ کرنے والے وزیراعظم عمران خان کو ہر عالمی فورم پر ملنے والی پذیرائی سے ثابت ہوئی ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کی اہمیت بڑھ رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے تاریخ کے کم ترین بجٹ میں بیرونی ممالک کے دورے کئے ہیں،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب کو سولرائزیشن کی طرف لے جائیں گے تاکہ بجلی کی بچت کے ساتھ بجلی کے مد میں بلوں کی ادائیگی کے پیسے صحافیوں کے فلاح وبہبود پر خرچ ہوسکے اوروفاقی حکومت کوئٹہ پریس کلب کی انتظامیہ کی ساتھ مل کر بلوچستان کے صحافیوں کو صحت کارڈ فراہم کریںگے جبکہ دیگر صوبوں کی طرح کوئٹہ میں صحافی کالونی کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے وزیراعلیٰ جام کمال کے ذریعے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرینگے اور صحافی کالونی میں شہداء بلاک کے نام سے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کوئٹہ کے صحافیوں کے اہل خانہ کو ادا کئے جائینگے ،انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان کا ویژن بلوچستان کی ترقی وخوشحالی سے وابستہ ہے حق دار کو حق پہنچانا اور نا انصافی کو ختم کرکے انصاف کا بول بالا کرنا پاکستان تحریک انصاف کا بنیادی ایجنڈا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کو ختم کرکے ہر مرحلے پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائینگے ، وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گیس پریشر کی کمی کو دور کرنے کے لیے صوبے کے حصے میں 10فیصد اضافی گیس جبکہ ایل پی جی کا کوٹہ بھی 20فیصد بڑھایا گیا ہے بلوچستان کے 72سال کے احساس محرومی کو 15مہینے میں دور نہیں کیا جاسکتا ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا کرپشن کا کوئی سیکنڈل سامنے نہیں آیا ہے اگرچہ کرپشن کے خلاف جہاد آسان عمل نہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت پوری قوت کے ساتھ وزیراعلیٰ جام کمال کے ساتھ کھڑی ہے، ریاست کے بیانیے قومی مفاد اور امن کو پروان چڑھانے میں کوئٹہ پریس کلب کا کلیدی کردار رہا ہے ،کوئٹہ پریس کلب کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے خون کے دیے جلا کر امن کی شمع روشن کی ہے ۔

مجھے توقع ہے کہ بلوچستان کی صحافی برادری اسی جذبہ حب الوطنی کو آگے بڑھائے گی۔انہوں صحافی برادری کے مطالبے پر کوئٹہ پریس کلب میں انفارمیشن سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا، اس موقع پر ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے وزیراعظم عمران خان کی بلوچستان کے ساتھ دلی لگائو اور فراخ دلانہ تعاون پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اوروزیراعظم عمران خان دونوں نظریاتی پارٹنر ہے جو کرپشن کے خاتمے اور ملک صوبے کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ جام کمال کے مطالبے پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دو رویہ بنانے کا مطالبہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں ڈال دیا ہے اوراس کی اسٹڈی رپورٹ کا کام شروع ہوگیا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ مذکورہ روڈ پر کام کا رفتار تیز کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور آئے روز کی حادثات سے بچا جاسکے ۔

برفباری کے دوران وفاق کے فراخ دلانہ تعاون پر پاکستان تحریک انصاف کے پوری قیادت کے شکر گزار ہیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں