اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے، اپوزیشن جماعتوں کو حکومتی وزراء کے برابر فنڈز اور سکیمیں دی گئیں ہیں، صوبے کے امن اور ترقی سے خائف لوگ عوام کو نظام سے مایوس کرنا چاہتے ہیں، صوبائی وزیرِ داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو

جمعہ 21 فروری 2020 00:30

کوئٹہ ۔20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) صوبائی وزیرِ داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے، یہ محض ٹوپی ڈرامے کے علاؤہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حکومتی وزراء کے برابر فنڈز اور سکیمیں دی گئیں ہیں، صوبے کے امن اور ترقی سے خائف لوگ عوام کو نظام سے مایوس کرنا چاہتے ہیں، صوبائی حکومت کے دروازے تمام شہریوں کے لیے ہروقت کھلے ہیں، پورے دن سول سیکرٹریٹ میں صوبائی وزراء اور عوامی نمائندے عوام کے مسائل سنتے اور انکے حل کیلئے احکامات جاری کرتے ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے صوبے میں امن کی فضا قائم کرنے میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

، بد قسمتی سے حزب اختلاف کے چند نمائندوں کو بلوچستان میں امن ہضم نہیں ہو رہا، صوبائی حکومت کی کامیاب عوامی پالیسیوں اور عوام دوست پی ایس ڈی سکیموں سے خائف یہ عناصر صوبے کو پتھر کے دور میں لے جانے پر تلے ہوئے ہیں ،جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

صوبائی وزیرِ نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات کا پاس رکھتے ہیں، احتجاج سب کا جمہوری حق ہے تاہم احتجاج کی آڑ میں افراتفری پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، میری حزب اختلاف کے دوستوں سے درخواست ہے کہ صوبائی اسمبلی کے فلور کو اپنے مسائل کے حل کیلیے استعمال کریں ۔انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے کے پیچھے بیرونی قوت ملوث ہے جو کہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہی ہیں اور یہ ملک دشمن غیر ملکی ادارے ایک منظم سازش کے تحت یہاں امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ بلوچستان کا امن بحال نہ ہو سکے، ہم امن و امان کے بحالی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں اور اس سے نمٹنے کے لیے ہمیں یہ تعین بھی کرنا ہوگا کہ پاکستان کے خلاف کون جنگ لڑ رہا ہے اور پاکستان کے لیے جنگ کون لڑ رہا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں