بلوچستان میں پی ٹی آئی کارکنان عوام کی خدمت کے لیے کورونا ٹائیگر ریلیف فورس میں اپنی رجسٹریشن کرائیں، سردار یار محمد رند

منگل 31 مارچ 2020 15:45

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) صوبائی وزیر تعلیم و بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے تمام کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں عوام کی مدد کے لیے میدان میں آئیں اور عوام کو کورونا کے خلاف شعور و آگاہی کے ساتھ ساتھ ان کی ہر ممکن مدد کریں۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ تمام کارکنان آج سے وزیر اعظم ٹائیگر کورونا ریلیف فورس میں اپنی رجسٹریشن کروائیں اور ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ غریب عوام کو وزیر اعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے زریعے راشن اور آگاہی فراہم کی جائے گی لہذا تمام کارکن اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف پہنچانے کے تمام عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں 6 لاکھ مرد و خواتین کارکنان کورونا ٹائیگر ریلیف فورس میں خود کو رجسٹر کریں تاکہ عوام کی خدمت کرسکیں اور اس کڑے وقت میں پی ٹی آئی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں