کورونا وائرس کے مریضوں کو صوبے کے دیگر اضلاع میں منتقل کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ترجمان حکومت بلوچستان

بدھ 1 اپریل 2020 14:55

کوئٹہ۔یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2020ء) حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے مریضوں کو صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سے صوبے کے دیگر اضلاع میں منتقل کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

سی ایم سیکرٹریٹ کوئٹہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ سے کورنا وائرس سے متاثرہ افراد کی دیگر اضلاع میں منتقلی کی اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر کوئٹہ سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تربت، قلات، چمن، نصیر آباد اور دیگر اضلاع میں منتقلی کی افواہیں پھیلا کر عوام میں بے چینی پیدا کر رہے ہیں تاہم یہ واضح کیا جاتا ہے کہ ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

بلوچستان حکومت نے مقامی افراد کے بچائو و ممکنہ متاثرین کے علاج معالجے کے لئے مختلف اضلاع میں قرنطینہ اور آئیسولیشن کی سہولیات فراہم کی ہیں لہذا کوئٹہ سمیت کسی بھی دوسرے ضلع سے کورونا وائرس کے مریضوں کو صوبے کے کسی نواحی اضلاع میں منتقل نہیں کیا جا رہا ہے، عوام مطمئن رہیں کیونکہ حکومت کو ہر شہری کی صحت عزیز ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں