بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں مستحکم،صوبے میں ترقی کا عمل شروع ہوچکا ہے

صوبائی مشیر لیبر و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی کی لوگوں سے گفتگو

پیر 3 اگست 2020 20:50

کوئٹہ۔03اگست ( اے پی پی مشیر لیبر و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں مضبوط و مستحکم ہے جن کی سربراہی میں صوبے سے پسماندگی کے خاتمے اور ترقی کا عمل شروع ہوچکا ہے،حلقہ انتخاب کی ترقی کے لئے اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے ،علاقے کی ترقی و خوشحالی کا منشور لیکر سیاست میں آئے تھے اور عوام کو کسی صورت ہم بھول نہیں سکتے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے عید کے موقع پر مبارکباد دینے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمدخان لہڑی نے کہا کہ اپنے حلقہ انتخاب میں بلیک ٹاپ روڈز،بی ایچ یوز،بجلی سمیت اہم سکیموں پر کام جاری ہے،کوشش ہے کہ اس سال اپنے حلقے کے بعض بی ایچ یوزکو ایمبولینسز،اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 2فائربرگیڈز کی گاڑیاں فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منجھوشوری گرڈ سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے لیے بھی پیپر ورک شروع کردیا ہے جلد ہی اس حوالے سے عوام کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں عوام کی خدمت کاجذبہ لے کر سیاست میں آئے تھے جس پر عمل پیرا ہوکر دن رات عوام کی خدمت کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے عوام کے لئے 24گھنٹے کھلے ہیں، عوامی خدمت ہمارے نصب العین میں شامل ہے، ان شاء اللہ عوام کے اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں