ڈیرہ مراد جمالی تا چھتر فلیجی بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر جاری،ان منصوبوں کی تکمیل سے نصیرآباد میں خوشحالی آئے گی

میر سکندر علی خان عمرانی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی

پیر 3 اگست 2020 23:15

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر سکندر علی خان عمرانی نے کہا ہے کہ 49کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیرہ مراد جمالی ٹو چھتر فلیجی بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر سے چھتر فلیجی سمیت دیگر علاقوں میں مزید خوشحالی آئے گی ،زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل سے نصیرآباد میں خوشحالی آئے گی جس سے عام آدمی کو فائدہ ملے گا، جاری ترقیاتی منصوبوں کوبروقت مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو جلد سے جلد اس سے استفادہ ہوسکے، کوالٹی ومعیار پر سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا،انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدے مرحلہ وار پورے کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے عید الااضحیٰ کے موقع پر ملنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیرغلام نبی عمرانی،میرصفدرخان عمرانی، حاجی غلام رسول سولنگی، وڈیرہ امداد حسین سولنگی،معشوق علی بوہڑ ، سمیت دیگر موجودتھے۔ میرسکندرخان عمرانی نے کہاکہ ڈیرہ مراد جمالی میں کرڑوں روپوں کی لاگت سے نئی واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر ہو رہی ہیں، ان شاء اللہ ان زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل سے عوام ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے اور انھیں گھروں میں پینے کاصاف پانی ملے گا، گرمیوں کے دنوں میں عوام کو پینے کے پانی کی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں دو نئی واٹر سپلائی کی سکیمیں دی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نصیرآباد کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے اور عوام کی خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں موجودہ حکومت عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں حلقہ انتخاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اس سے عو ام کے مسائل جلد حل ہوں گے صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے حکومت تیزی سے کام کررہی ہے تاکہ عوامی مسائل کا تدارک کیا جاسکے، صوبائی حکومت بلوچستان کے تمام اضلاع میں یکساں طورپربنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں