بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب نہتے اور معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہیدنہ کردیا جاتا ہو، بلوچستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور بلوچستان میر ضیاء لانگو کی اے پی پی سے گفتگو

بدھ 5 اگست 2020 00:35

کوئٹہ۔03اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور بلوچستان میر ضیاء لانگو نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب نہتے اور معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہیدنہ کردیا جاتا ہو بلوچستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی پامالی،نہتے کشمیریوں کی نسل کشی ،جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں اور درجنوں کالے قوانین کے نفاز کی صورت میں ایک المناک مثال بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صرف ایک سال کے دوران ہزاروں کشمیری نوجوانوں کوپیلٹ گن کے استعمال سے ان کی آنکھوں کو چھلنی کر کے تاحیات نابینا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے معصوم کشمیریوں کی زندگیوں کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں انہیں آئے روز بھارتی قابض حکمرانوں اور قابض افواج کی جانب سے امتیازی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے میر ضیاء لانگو نے کہا کہ وہ غیور اور بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جوبھارتی بے پناہ مظالم کے باوجود اپنے حق خود ارادیت کے لیے آج بھی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں اورجنہوں نے اپنے جذبہ حق خود ارادیت میں مثالی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ جب وہ پچھلے ستر سال سے زائد عرصے سے اپنے بدترین پرتشدد ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو نہیں دبا سکا تو آئندہ بھی اس کے پر تشدد و دیگر ہتھکنڈے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو بلوچستان بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی پروگرامز منعقد کرکے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے گا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں