بھارت کے کشمیر پر غصبانہ قبضے کی کوشش کو کشمیریوں سمیت دنیا بھر نے مسترد کردیا ہے، آئین میں ترامیم کرنے سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا،کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا ہے اور رہے گا

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق سپیکر جمال شاہ کاکڑ

بدھ 5 اگست 2020 00:35

کوئٹہ۔03اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق سپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بھارت کے کشمیر پر غصبانہ قبضے کی کوشش کو کشمیریوں سمیت دنیا بھر نے مسترد کردیا ہے، آئین میں ترامیم کرنے سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، ایک سال سے کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا ہے اور رہے گا۔

یہ بات انہوں نے 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات کی مناسبت سے یوم استحصال کے موقع پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر زبردستی قبضہ کرنے اور اپنے آئین میں ترامیم کرنے سے بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتا، کشمیری عوام نے 5اگست 2019کے اقدامات کو یکسر مسترد کرکے ثابت کردیا ہے کہ کرفیو، زور زبردستی انہیں آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نہتے اور معصوم شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے ایک سال میں کئی کشمیریوں کو شہید اور زخمی کیا گیا لیکن بھارت یہ نہیں جانتا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے پوری قوم 5 اگست کو متحد ہوکر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منارہی ہے پاکستانی قوم آج دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت یہ سن لے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا ہے اور رہے گا ہم کسی بھی صورت کشمیر کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں