محرم الحرام بین المسلمین کا مہینہ اسکا ،مقصد امت مسلمہ کی اصلاح اور امت میںاسلامی اتحاد،اخوت اور بھائی چاری کا فروغ ہے ،علامہ مقصود علی ڈؤمکی

اس مہینے میں شیعہ سنی وحدت کو فروغ دیتے ہوئے نفرتوں کے خاتمے کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،مرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان

اتوار 9 اگست 2020 19:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈؤمکی نے کہا ہے کہ محرم الحرام بین المسلمین کا مہینہ ہے جس کا مقصد امت مسلمہ کی اصلاح اور امت میںاسلامی اتحاد،اخوت اور بھائی چاری کا فروغ ہے لہذ اس مہینے میں شیعہ سنی وحدت کو فروغ دیتے ہوئے نفرتوں کے خاتمے کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،عزاداری عبادت ہے اور آئین پاکستان ہمیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے عزدارای کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو صوبائی سیکرٹری نشرواشاعت علامہ ذوالفقار علی سعیدی ، مولانا عبدالحق بلوچ اور کربلائی عیوض علی ہزارہ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام نواسہ رسولؐ امام حسین عالی مقام اورانکے اصحابہ وفا کی عظیم قربانی کا مہینہ ہے جو آل رسول نے دن اسلام کی بقاء اور اصلاح امت کی خاطر پیش کی اس عظیم قربانی کی یاد میں ہر سال عاشقان رسالت مجالس،جلوس عزا داری کے پروگرام منعقد کرتے ہیں اس حوالے سے پولیس ،انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات بھی عبادت کادرجہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں کچھ شرپسند عناصر تفرقہ اوراختلاف کی کوشش کرتے ہیں جبکہ ماہ ماہ محرم الحرام کربلا والوں کا پیغام اتحاد امت اتحاد بین المسلمین اوراحترام انسانیت کاپیغام ہے لہذا محرم کے ایام کو اتحاد بین المسلمین اور وحدت امت کے لئے مخصوص کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وطن عزیز کیلئے ناسور بن چکے ہیں ہم اپنے شعوری ،بیداری ،وحدت اور حب الوطنی کے ذریعہ ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کو شکست دے سکتے ہیں ملکی صورتحال کے پیش نظر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں خصوصاخواتین کے اجتماعات ،مجالس عزا میں لیڈیز پولیس کانسٹیبلز اور خواتین اسکاوٹس رضاکار ضروری ہیں قیام امن کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری سیل تشکیل دیدیئے گئے ہیں انتظامیہ انکے ساتھ رابطے میں رہے ۔

انہو ں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں جلوس اور مجالس عزا کے موقع پرصفائی اور لائٹس کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے اہلسنت کے علماء کرام اور اکابرین کو دعوت دی کہ وہ عزاداری امام حسین کے جلوسوں اور مجالس عزا میں شامل ہوکر امام عالی مقام سے اپنی عقیدت ،محبت اور مودت کا اظہار کریں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں