تیزی سے رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں، جام کمال خان

ماحولیاتی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے ماحولیات کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اصلاحات کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ بلوچستان کی بڑے تعمیراتی منصوبوں میں محکمہ ماحولیات سے این او سی کے حصول کو لازم قراردینے کیلئے قانون سازی کرنے کی ہدایت

منگل 11 اگست 2020 23:04

تیزی سے رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں، جام کمال خان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے نجی اور سرکاری شعبوں کے بڑے تعمیراتی منصوبوں میں محکمہ ماحولیات سے این او سی کے حصول کو لازم قراردینے کے لئے قانون سازی کرنے کی ہدایت کی ہے، اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات میں منصوبوں کی منظوری کے ڈی ایس سی اور پی ڈی ڈبلیو پی کے فورمز میں محکمہ ماحولیات کے تکنیکی نمائندہ کو مستقل ممبر کے طور پر مقرر کرنے اور محکمہ ماحولیات کی ٹیکنیکل اور دیگر خالی اسامیوں کو متعلقہ ڈگری اور مہارت کے حامل امیدواروں کے ذریعہ پر کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ محکمہ ماحولیات وماحولیاتی تحفظ کے محکمانہ امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، صوبائی وزیر ماحولیات ولائیواسٹاک مٹھا خان کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری زاہد سلیم اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ لعل جان جعفر نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکریٹری محکمہ ماحولیات وماحولیاتی تحفظ عبدالصبور کاکڑ نے اجلا س کو محکمانہ امور اور مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیزی سے رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں، ماحولیاتی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے ماحولیات کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اصلاحات کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں محکمہ ماحولیات کے کردار اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ محکمہ ایک ریگولیٹری باڈی کے طور پر ابھرے گا لہٰذا اس محکمہ میں مہارت پر مبنی آسامیوں کی بے پناہ گنجائش موجود ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی ترغیبات کے تحت تعمیرات کے شعبہ میں انقلابی ترقی متوقع ہے جبکہ حکومت بلوچستان ساحلی ودیگر علاقوںکی ترقی کے منصوبوں پر بھی عمل پیرا ہے، اس ترقیاتی عمل کو ریگولریٹ کرنے اور ماحول دوست بنانے کے لئے جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، اجلاس میں بلوچستان انوائرمنٹل کونسل کو بھرپور طور پر فعال کرنے، بلوچستان بورڈ برائے پائیدار ترقی فنڈ کی تشکیل، بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے کردار اور محکمہ کے سروس رولز کا بھی جائزہ لیتے ہوئے اس ضمن میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں