سیکیورٹی خدشات پر پی ڈی ایم سے کوئٹہ جلسہ ملتوی کرنے کا مطالبہ

جب دہشت گردی کا خطرہ ٹل جائے تو اس کے بعد پی ڈی ایم پھر جلسے کا منصوبہ بنائے ، ترجمان بلوچستان حکومت

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 15:07

سیکیورٹی خدشات پر پی ڈی ایم سے کوئٹہ جلسہ ملتوی کرنے کا مطالبہ
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے جلسے کو ملتوی کرے ، جب دہشت گردی کا خطرہ ٹل جائے تو اس کے بعد پی ڈی ایم پھر جلسے کا منصوبہ بنائے۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اب بھی کہہ رہے ہیں پی ڈی ایم نیکٹا الرٹ کو سنجید ہ لے کر جلسہ منسوخ کرے، کیوں کہ ماضی میں وزرائے اعلیٰ پر حملے ہوئے ہیں، اور اب بھی دہشت گردی کےواقعات کاخدشات موجود ہیں، 4سال پہلے کوئٹہ میں شام سے پہلے لوگ گھروں کو جاتے تھے، اب جب امن بحال ہوا تو پی ڈی ایم کوکوئٹہ کی یاد آئی، نیکٹا الرٹ کے باوجود ہم جلسے کے شرکا کو سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں، گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا، اس صدورتحال میں بھی جلسہ کسی بھی سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے، لیکن نیکٹا الرٹ کو بلوچستان حکومت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ اپوزیشن نے کوئٹہ جلسے کی تاریخ 2بار تبدیل کی ، پی ڈی ایم رہنماوَں کے لیے سیکیورٹی کا انتظام کرلیا ہے ، نیکٹا الرٹ کے باوجود ہم جلسے کے شرکا کو سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں، لیکن موجودہ صورتحال میں پی ڈی ایم قیادت کی ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے، ہم کورونا پرقابو پانے کے لیے بھی کوشش کررہے ہیں ، لیکن ڈر ہے کہ دیگرصوبوں سے آنے والے شرکا ہمیں کورونا تحفے میں دے کرچلے جائیں گے ، کیوں کہ پی ڈی ایم رہنماوَں نے جلسے کے شرکا کوایس اوپیز پرعمل درآمد کرنے کانہیں کہا۔

دوسری طرف صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی حوالے سے جاری کیے گئے الرٹ کے بعد 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا گیا ، تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی طرف سے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو جلسہ منعقد کرنے کے لیے ایوب اسٹیڈیم کا فٹ بال گراؤنڈ فراہم کیا گیا ہے ، کیوں کہ اس مقام پر فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے ، اسی بنا پر پاکستان ڈیموکریٹک اتحاد میں شامل اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی حکومتی پیش کش قبول کرلی گئی ، جس کے بعد طے پایا ہے کہ اب یہ جلسہ کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم کے فٹ بال گراؤنڈ میں ہی منعقد کیا جائے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں