مسلم لیگ ق بلوچستان کے صدر جعفر مندو خیل کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

چوہدری برادران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ، ذاتی طور پر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کررہا ہوں ، جعفرمندوخیل

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 14:11

مسلم لیگ ق بلوچستان کے صدر جعفر مندو خیل کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے 25اکتوبر کو کوئٹہ میں رکھے گئے جلسے سے قبل حزب اختلاف اتحاد کو صوبے میں اہم کامیابی مل گئی ، جہاں مسلم لیگ ق بلوچستان کے صدر جعفر مندو خیل نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور میں ذاتی طور پر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کررہا ہوں۔

پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے کوئٹہ پہنچنے والی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 15جنوری تک استعفیٰ دے دیں گے ، سیکیورٹی الرٹ کی وجہ سے جلسہ موخر نہیں کرسکتے، حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے ، کیا جلسہ موخر کرنے سے سیکیورٹی تھریٹ ختم ہوجائے گا ، سیکیورٹی کے انتظامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو حکومت اس کی ذمہ دار ہوگی ، نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ بلوچستان کومسلم لیگ ن کی طرف سے ہمیشہ ترجیح دی گئی ، اسی لیے نوازشریف جب وزیراعظم بنے تو بلوچستان کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ بلوچستان کے ہی شہر تربت سے سینکڑوں افرادنے اپنے خاندان اور رشتہ داروں سمیت مسلم لیگ (نواز) میں شمولیت کا اعلان کردیا ، شمولیت کا اعلان کیچ کے علاقے ہوشاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صوبائی نائب صدر نواب شمبے زئی کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق مختیار علی، میران عباس، ڈاکٹر برکت، سیٹھ صوالی، شہزاد سربازی، علی شیر جان، ناصر مراد اور دیگرسینکڑوں افراد نے ہوشاپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف،صوبائی قائدجنرل(ر) عبدالقادربلوچ اورصوبائی رہنما نواب شمبئے زئی کی مخلصانہ قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے اہلخانہ کیساتھ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں، مسلم لیگ نواز کے دورمیں ملک ترقی کے منازل طے کررہاتھا، ملازمت عام اور لوگوں کے معیاررزندگی بہتر تھا موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے دورمیں بیروزگاری اور مہنگائی عام ہوگئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں