ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے قیام کے لئے تمام ضرورت اقدامات کئے جائیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان

منگل 27 اکتوبر 2020 22:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس میں کوئٹہ ڈیولپمنٹ پیکج اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، اجلاس کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کوئٹہ پیکج کے تحت ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر آن لائن پریذینٹیشن دیتے ہوئے اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے سات جاری اور سات نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی مراکز کے قیام جن میں ایمرجنسی رسپانس سینٹر کان مہترزئی، زیارت اور ڈویژنل سطح پر ڈیزاسٹر ویلیجزپر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے قیام کے لئے تمام ضرورت اقدامات کئے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران ڈویژنل اور ضلعی سطح پر حکومت کے عوام کو ریلیف سے متعلق اقدامات فوری طور پر فراہم کئے جاسکیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود، ان کی سماجی اور معاشی ترقی او ر مجموعی طور پر صوبے کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے جس کے ثمرات سے صوبے کی عوام مستفید ہوسکیں گے، انہوں نے کہا کہ ایسے تمام ترقیاتی منصوبے جن کی جلد تکمیل ممکن ہے انہیں بروقت مکمل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ صوبے میں ترقی کا عمل بھرپور انداز سے رواں رہے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں