صوبے میں قیام امن کے لئے سیکیورٹی فورسز نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں،وزیراعلی بلوچستان کاخضدار میں لیویز ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2020 21:50

صوبے میں قیام امن کے لئے سیکیورٹی فورسز نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں،وزیراعلی بلوچستان  کاخضدار میں لیویز ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ  کی تقریب سے خطاب
کوئٹہ۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27نومبر2020ء) :وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں قیام امن کے لئے ہماری سیکیورٹی فورسز نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، بلوچستان میں لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ ایک شاندار کامیابی ہے، فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، اپنی فورسز کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں بین الاضلاع لیویز ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ میرضیاءلانگو، پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی، رکن صوبائی اسمبلی میر نصیب اللہ خان مری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر قلات ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل لیویز سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پاس آئوٹ ہونے والے ریکروٹس کو پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے پر انہیں خراج تحسین اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قیام امن میں لیویز فورس نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے، لیویز فورس کو جدید گاڑیاں، اسلحہ اور ضروری سامان فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائےں گے،انہوںنے کہا کہ لیویز ریکروٹس میں خواتین کی شمولیت پرہمیں فخر ہے۔

نظام کی بہتری کے لئے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں خصوصی اقداما ت کئے جارہے ہیں، جامع منصوبہ بندی کے تحت بلوچستان بھر میں بہتری اور اصلاحات کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے اداروں کو مستحکم کریں، ماضی میں لیویز جیسے اہم ادارے پر توجہ نہیں دی گئی ۔ اس فورس کو ایک سیاسی سلوگن بنایا گیا اور اس فورس کی بہتری کے لئے چند گاڑیوں اور یونیفارم کی فراہمی کے علاوہ کوئی خاطر خواہ عملی اقدامات نہیں کئے گئے ۔

اس فورس کو عملی طور پر موثر بنانے کے لئے اس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ فورس بھی صوبے میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے اپنی بہتر کارکردگی دکھاسکے۔ انہوںنے کہا کہ آج کی آپ کی یہ کارکردگی اس امر کی عکاس ہے کہ آپ صوبے کی دیگر سیکیورٹی اداروں سے کسی طرح بھی کم نہیں۔ آپ کی یہ کارکردگی لیویز فورس کے لئے باعث افتخار ہے، انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو مزید مستحکم بنانے کے لئے انسداد دہشتگردی ونگ، کوئیک رسپونس فورس، سی پیک ونگ، آئی ٹی ونگ اور انٹیلی جینس ونگ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

یہ وہ تمام ضروری چیزیں ہیں جو ایک فورس کو مضبوط، مستحکم اور موثر بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سات ڈویژن میں ملٹی پرپز اکوموڈیشن کی سہولیات فراہم کرنے جارہی ہے، اس کے علاوہ کچلاک میں لیویز ٹریننگ سینٹر کے قیام کے لئے فنڈز کا اجراءکردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فورس کے لئے جدید تربیت بنیادی ضرورت ہے، تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس خوش نصیب ہیں کہ انہیں آج سے ملک کی سلامتی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ فورس بلوچستان میں پچھلے سو سال سے امن وامان کے قیام کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لیویز فورس کے پاس آئوٹ ہونے والے جوان اپنے حلف کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت اور عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے لیویز پاسنگ آئوٹ پریڈکا معائنہ کیا اور اس موقع پر انہیں لیویز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی، آخر میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے، تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار کے انفراسٹرکچر منصوبہ کا افتتاح بھی کیا۔

قبل ازیں کمانڈنٹ لیویز ٹریننگ سینٹر نے سپاسنامہ پیش کیا۔ واضح رہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع کے چھ سو لیویز ریکروٹس جن میں 24خواتین کانسٹیبلز بھی شامل ہیں انہیں چار ماہ پر مشتمل ٹریننگ فراہم کی گئی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں