اپوزیشن والے ووٹ کو عزت کی بات کرتے ہیں مگر وہ ووٹرز کو کورونا میں دھکیل رہے ہیں، شیخ رشید احمد

وزیراعظم عمران خان جلسوں سے نہیں جارہے ہیں،،وہ اپنا وقت پورا کریں گے، وزیرریلوے کی میڈیا سے گفتگو آپ وفا کریں گے تو ہم بھی وفا کریں گے، آپ جفا کریں گے تو ہم جفاکریں گے، آپ ستم کریں گے تو ہم بھی ستم کریں گے،اپوزیشن کو جواب

جمعہ 4 دسمبر 2020 00:29

اپوزیشن والے ووٹ کو عزت کی بات کرتے ہیں مگر وہ ووٹرز کو کورونا میں دھکیل رہے ہیں، شیخ رشید احمد
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے ووٹ کو عزت کی بات کرتے ہیں مگر وہ ووٹرز کو کورونا میں دھکیل رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان جلسوں سے نہیں جارہے ہیں،،وہ اپنا وقت پورا کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ جیسے لوگ ہیں، ہم شرافت اور قانون کے دائرے میں رہ کر آپ کا مقابلہ کریں گے، آپ وفا کریں گے تو ہم بھی وفا کریں گے، آپ جفا کریں گے تو ہم جفاکریں گے، آپ ستم کریں گے تو ہم بھی ستم کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر کسی کاخیال ہے کہ اپوزیشن ان جلسوں سے عمران خان کو اتارنے جارہی ہے تو وہ خام خیالی ہے۔چوہدری پرویز الہٰی کے شریف برادرز کی والد ہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لئے جانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں سب کو جاناچاہئے، انہوں نے بھی ان کی والدہ کے انتقال پر ٹی وی پر افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کو اپنے لئے سیاسی تدبر اور دور اندیشی سے کام لینا چاہئے، قوم کو سوچنا چاہئے کہ کورونا کی صورتحال میں جلسوں کی کیا ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار بہت عام ہوگیا ہے، جو بات عام ہوجائے اس پر شیخ رشید بات نہیں کرتا۔افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حالات بہتر ہورہے ہیں، عمران خان کی خارجہ پالیسی سب پڑوسی ملکوں کیساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں