وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس،صوبے کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی 2020-21کی منظوری ،متعدد نئے قوانین منظور

بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے ہمیں دیگر پیداواری شعبو ں کے ساتھ ساتھ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے ہوں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

پیر 18 جنوری 2021 23:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کابینہ نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی 2020-21کی منظوری دیدی۔

ڈیجیٹل پالیسی کے تحت ای گورننس، ڈیجیٹل سروسز تک عوام کی رسائی، سستے، معیاری اور ہائی سپیڈ انٹر نیٹ سہولت کی فراہمی کے علاوہ ڈیجیٹل صلاحیت کے ذریعے صوبے میں آئی سی ٹی کمپنیوں کو فروغ دینے، ڈیجیٹل اکانومی،سافٹ وئیر اور آئی ٹی پارکس سمیت اسٹیٹ آف دی آرٹ سنٹرلائزڈ ڈیٹا سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلوچستان ٹوورسٹ گائیڈزایکٹ 2014کے تحت فریم کئے گئے رولز، بلوچستان ویکسنیشن آرڈیننس 1958ء میں ترمیم کیلئے بل پیش کرنے کے علاوہ بعض تبدیلیوں کے ساتھ بلوچستان ایجوکیشن کونسل 2021 ڈرافٹ بل کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صوبے میں مویشیوں کی حفاظت اور بہتر افزائش نسل، مویشیوں میں متعدی بیماریوں کی روک تھام، بلوچستان میں مرغبانی کی پیداوار کی راہ ہموار کرنے کیلئے باقاعدہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ رولز،بلوچستان گورنمنٹ ایمپلائز بینوولنٹ فنڈ (ڈسبرسمنٹ)رولز میں ترمیم کے ڈرافٹ، بلوچستان سول سرونٹ (تقرری، ترقی اور تبادلہ)رولز 2009میں ترمیم، بلوچستان گورنمنٹ رولز آف بزنس 2012میں ترمیم کے علاوہ بلوچستان پبلک پریکیورمنٹ رولز2014 کے رول 56-A میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ نے قلات میں حفاظتی اقدامات میں اضافے کیلئے فنڈز کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے لاکھڑا تا کانکی پل آواران روڈ کی بہتری اور بحالی کی منظوری دے دی۔کابینہ نے ضلع واشک کی دو یونین کونسل بسیمہ اور کوریگی میں 13اگست2020کو آنے والے زلزلے کے باعث نقصانات کے ازالے کیلئے متاثرین کو معاوضے کی فراہمی کیلئے 111.800 ملین روپے کی بھی منظوری دیدی۔

کابینہ نے صوبے کے ایسے علاقے جو خشک سالی، سیلاب، برفباری اور دیگر قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہیں کی اسسمنٹ کیلئے کابینہ کی جوائنٹ سب کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے ایم 8کے سیکشن ہوشاب آواران سڑک کی تعمیر کیلئے سیکورٹی کی فراہمی کیلئے فنڈز کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کو سیکرٹری معدنیات نے ریکوڈک انٹرنیشنل آربیٹریشن کی موجودہ صورتحال،بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی اور بلوچستان منرل ریسورسز لمیٹڈ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

اس سے قبل کابینہ اجلاس میں سانحہ مچ کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، کابینہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے ہمیں دیگر پیداواری شعبو ں کے ساتھ ساتھ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

بلوچستان کی معیشت کو معدنیات کے شعبے کو ترقی دے کر مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے بھر میں یکساں ترقیاتی عمل شروع کررکھا ہے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس سے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں