کوئٹہ میں سریاب کے علاقہ میں دھماکہ، ایک شخص زخمی

پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ میڈیا ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 10 مئی 2021 11:30

کوئٹہ میں سریاب کے علاقہ میں دھماکہ، ایک شخص زخمی
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2021ء) : کوئٹہ کے علاقہ سریاب میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکے کی آواز کے بعد پولیس کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے دھماکے میں جانی نقصان نہیں ہوا البتہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں بلوچستان میں دو مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی طرف سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ اور تربت میں دہشت گردی کے 2 مختلف واقعات میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوئے ، دہشت گروں نے مارگٹ کے علاقہ میں سکیورٹی ڈیوٹی پر معمور ایف سی کے دستے پر حملہ کیا ، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکارلانس نائیک سید حسین شاہ ، سپاہی فیصل محمود اورسپاہی نومان الرحمان شہید اور ایک سپاہی زخمی ہوگیا ، واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

دہشت گردی کا دوسرا واقعہ تربت کے علاقہ شیر بندی میں پیش آیا ، جہاں دہشت گردوں نے پاک ایران سرحد پر گشت کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں پر حملہ کیا ، اس حملے میں ایف سی کے 4 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں