انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 22 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ

انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا شیڈول جاری ، 10 جولائی تک جاری رہیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 جون 2021 12:35

انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 22 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2021ء) : بلوچستان میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 22 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے بلوچستان بورڈ نے ایف اے اور ایف ایس سی امتحانات کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ پروفیسریوسف بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹر میڈیٹ کے امتحانات بلوچستان میں 22 جون سے شروع ہوں گے اور 10 جولائی تک جاری رہیں گے۔

بلوچستان بھر سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 88 ہزار طلبا شرکت کریں گے ، امیدواروں سے صرف اختیاری مضامین کے پرچے لیے جائیں گے ، امتحانات کے لیے 250 سے زائد مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔ چیئرمین بورڈ نے اپنے بیان میں یہ واضح کیا کہ امپروومنٹ کرنے والے یا مدارس کے طلبہ کو لازمی مضامین کا بھی امتحان دینا ہوگا ، فیل ہونے والے یا امپروومنٹ کرنے والے طلبہ کے امتحانات 12 جولائی سے شروع ہوں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بلوچستان میں 25 مئی کو شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ امتحانات 2021ء کورونا کے باعث ملتوی ہو گئے تاہم اب ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی اور کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح میں بتدریج کمی آنے کی وجہ سے کورونا پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے جس کے تحت ملک بھر میں تعلیمی ادارے بھی کھول دئے گئے البتہ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں بھی واضح کہہ دیا تھا کہ پہلی تا آٹھویں جماعت کیلئے امتحانات کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ یہ اسکولوں پر منحصر ہے کہ وہ امتحانات لینا چاہتے ہیں یا نہیں لینا چاہتے،گرمی کی شدت دیکھ کراسکولوں سے متعلق فیصلے صوبائی حکومتوں نے کرنے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں