کورونا اپنی شکل بدل رہا ہے ،وائرس کی چوتھی لہر بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ،جام کمال خان

وائرس کے ڈیلٹا ویرئینٹ سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ناگزیر ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 27 جولائی 2021 23:16

کورونا اپنی شکل بدل رہا ہے ،وائرس کی چوتھی لہر بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ،جام کمال خان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبے میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال، ڈیلٹا ویرئنٹ،ویکسینیشن، مثبت کیسز کی تعداد، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کرنے، ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے دستیاب بستروں اور مکران ڈویژن میں کرونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور صورتحال سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی، سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نورالحق بلوچ، سیکرٹری اطلاعات سہیل الرحمن بلوچ اور د یگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،اجلاس کو سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک صوبے میں 455?410 افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے انہوں نے اجلاس کو کوئٹہ، گوادر،کیچ اور پنجگور میں ہائی فلو مریضوں کی تعداد بھی بتائی، انہوں نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف مقامات پر ریڈ کیے گئے اور جرمانے بھی عائد کیے گئے، انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سات روز کے دوران کوئٹہ میں مثبت کیسز کی شرح 2.7 کیچ میں 24.7 اور گوادر میں 28.7 فیصد رہی ہے انہوں نے صوبے بھر کے اضلاع میں ہونے والی کرونا ویکسینیشن سے متعلق بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نورالحق بلوچ نے بتایا کہ ڈیلٹا ویرئیںٹ سے بچنے کے لیے تکنیکی افرادی قوت اور موثر قانون سازی کی ضرورت ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا وائرس اپنی شکل بدل رہا ہے وائرس کی چوتھی لہر بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے وائرس کے ڈیلٹا ویرئینٹ سے بچنے کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایس او پی ایس پر عملدرآمد کے لیے لیے قانون سازی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اور تکنیکی ہیومن ریسورس کو بہتر کرتے ہوئے وائرس کی چوتھی لہر سے بچنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں