اُسوہ حسنہؐ کی پیروی میں د نیا و آخرت کی کامیابی ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ؐسے محبت کا تقاضا ہے ہم آپؐ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں

پیر 18 اکتوبر 2021 17:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہؐ کی پیروی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، ملک بھر میں عشرہ رحمت اللعالمین کی تقریبات کاانعقاد کیا گیا جن میں حکومت نے ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔انہوںنے کہا کہ حضورؐ کی ذات سے وفاداری ہر مسلمان کا جذو ایمان ہے، اسوہ حسنہ ؐ پر عمل کرنے سے مصائب و تکالیف ٹلتے ہیں اور ظلم و بد امنی سے نجات ملتی ہے۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ آقائے دو جہاں حضرت محمدؐ کی ذات گرامی سے منسوب ہے جس میں عاشقان ِ رسول حضرت محمد مصطفیٰ ؐ سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار اور اتباع رسول ؐ کا عہد کرتے ہیں ، یہ مبارک مہینہ ُامت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا مہینہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ؐسے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپؐ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔

انہوں نے کہ ہمارا ایمان ہے کہ رحمت اللعالمینؐ کی یاد سے مومنوں کے ایمان کو تازگی ملتی ہے آج ہمارا معاشرہ جن حالات سے دو چار ہے اس میں ضروری ہے کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کو نمونہ و مشعل حیات بنایا جائے۔رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم سے محبت اور ان کے خاتم النبین ہونے پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہادیء برحق، فخر موجودات، آقائے دو جہاں، امید ِ انسانیت سے عقیدت وہ روشنی ہے، جو ہمارے ایمان کو ہمیشہ منور رکھتی ہے، عہد ِ حاضر میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جسے اللہ اور اس کے رسولؐ کا کلمہ بلند کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

تاریخ میں ایسی مثالیں بھی کم ہی ملتی ہیں کہ کسی قوم یا نسل نے ایک نظریے کے لیے اس بڑے پیمانے پر ہجرت کی ہو، اتنی جانوں کی قربانی دی ہو،اِس قدر مالی نقصان برداشت کیا ہو، آج بھی پاکستان مسلم اٴْمہ میں اس لیے توجہ اور اہمیت کا مرکز بنا رہتا ہے کہ اس میں بسنے والے ہر چیز پر کمپرومائز کر لیتے ہیں، لیکن جہاں حرمت ِ رسولؐ کا معاملہ ہو یہ کٹ مرنے پر تیار ہوتے ہیں۔

یہ ماہِ مقدس رحمتوں برکتوں کا مہینہ ہے،کیونکہ اس میں رحمت اللعالمینؐ دنیا میں تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ اے نبی(صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم) ہم نے آپؐ کو جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ اسوہء رسول ؐپر چلنے ہی میں ہماری نجات ہے۔جذبات کا اظہار کرنا احسن ہے،لیکن جب تک عمل شہادت نہ دے ہماری تقدیر نہیں بدل سکتی، یہی ربیع الاوّل کا پیغام ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں