کوئٹہ، حکومت کی کوشش اور خواہش ہے کہ تمام امور کو باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیا جائے،وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:16

ِکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال کا اعلیٰ سطحی جائیزہ اجلاس منعقد ہوا چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا آئی جی پولیس رائے محمد طاہر ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین ڈی آئی جی سپیشل برانچ ،ڈی سی گوادر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی آئی جی پولیس نے اجلاس کو صوبے میں امن امان کی مجموعی صورتحال جبکہ کمشنر مکران نے گوادر دھرنے سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دی اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اجلا س کو آگاہ کیا گیا کہ گوادر تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان کے تمام مطالبات تسلیم کر لیئے گئے ہیں حکومت نے دیگر آپشن ہونے کے باوجود صبر تحمل کے ساتھ دھرنے کے شرکا سے مزاکرات کا عمل جاری رکھاہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام نے گوادر دھرنے کے شرکا کے ساتھ مزاکرات کے چار رانڈ کیئے اور مزاکرات میں طے پائے گئے امور پر عملدرآمد کا سلسلہ شروع ہے محکمہ ماہی گیری نے کوسٹ گارڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف موثر اقدامات کیئے ہیں اور غیر قانونی ٹرالنگ کا بہت حد تک سد باب کیا ہے اور اس میں ملوث افراد کو قید و جرمانے کی سزائیں دی جارہی ہیں اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی اعتماد کی فضا میں آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے تاہم دھرنے کے مطالبات میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ مناسب عمل نہیں ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی کوشش اور خواہش ہے کہ تمام امور کو باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیا جائے مزاکرات کے لیئے حکومت کے دروازے ہر کسی کے لیئے کھلے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر دھرنے سے ہٹ کر بھی حکومت کی اپنی پالیسی اور وژن کے مطابق گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے گزشتہ دنوں تربت میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بارڈر ٹریڈ کھولنے کے لیئے تمام امور طے پا گئے ہیں جن پر جلد عملدرآمد کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور اسکا فائدہ تربت گوادر پنجگور اور واشک کے عوام کو پہنچے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ بیروزگاری تمام مسائل کی جڑ ہے اگر اس مسلئہ کو حل نہ کیا گیا تو ملک دشمن بیروزگار لوگوں کو اپنے مقاصد کے لیئے استعمال کر سکتے ہیں اس بات کے پیش نظر سرحدی علاقوں کے عوام کو تجارت کرنے کی خصوصی سہولت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے روزگار کا ہر صورت تحفظ کرینگے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے 12 ناٹیکل میل کے سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کی مکمل روک تھام کو یقینی بنایا جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک میں بلوچستان بلخصوص گوادر کے منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنائیں گیاور ساتھ بلوچستان پیکج پر عملدرآمد سے بھی مکران میں ترقی کے نیئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خواہشات کے احترام میں شاہراہوں پر غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا گیا ہے جبکہ عوام کی عزت نفس اور احترام کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لیئے فورسز کی کاوشیں قابل ستائیش ہیں جن سے امن کا قیام ممکن ہوا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں