پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوجوان لڑکیوں پر سر عام تشدد کی ویڈیو وائرل

پولیس اہلکاروں نے لڑکیوں کو اٹھا کر پولیس موبائل میں پٹخ دیا، پولیس اہلکار خواتین کو گھسیٹ کر موبائل تک لائے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 18 جنوری 2022 18:51

پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوجوان لڑکیوں پر سر عام تشدد کی ویڈیو وائرل
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 18 جنوری 2022) کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کا نوجوان لڑکیوں پر مبینہ تشدد، پولیس اہلکاروں نے لڑکیوںکو اٹھا کر پولیس موبائل میں پٹخ دیا، پولیس اہلکاروں کی جانب سے خواتین کو گھسیٹنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کی سرعام خواتین کو تشدد کرنے اور دھکے دے کر پولیس موبائل میں دھکیلنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر لیڈی کانسٹیبل کے بغیر مرد پولیس اہلکاروں کی کارروائی کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ کوئٹہ کے مشن روز پولیس اہلکاروں نے سر عام قانون کی دھجیاں اڑادیں اور 3 خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پکڑ کر گھسیٹا اور پولیس موبائل میں دھکیلا اور مزاحمت کرنے پر پولیس اہلکاروں نےایک خاتون کو اٹھا کر شدت سے موبائل میں پھینک دیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل کے رابطے پر قائد آباد پولیس تھانے کے حکام کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکی مبینہ طور پرگھر سے بھاگی تھی اور اپنی دو سہیلیوں کے ساتھ رہ رہی تھی۔پولیس کے مطابق لڑکی کے والد غلام حسین کی جانب سے قائد آباد تھانے میں رپورٹ درج کرائی گئی تھی، لڑکی کے رشتہ داروں کی جانب سے مشن روڈ پر ان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران لڑکیاں ہاتھا پائی کررہی تھیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ پولیس کی جانب سے خواتین پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس اہلکاروں کی جانب سے خواتین پر تشدد کا واقعہ سوات میں بھی پیش آیا تھا، جب سوات کے علاقے سیدو شریف میں پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار 3 خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔

پولیس نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ گرفتار خواتین کا تعلق بنوں سے ہے اور وہ سوات میں مبینہ طور پر چوری کی وارداتوں میں مطلوب تھیں، گرفتار خواتین سے 19 تولہ سونا اور ایک لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے۔خواتین کو مقدمے کے اندراج کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔تاہم گرفتاری کے وقت پولیس کی خواتین پر تشدد کرنے اور ان کو گالیاں دینے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں