غیرملکی نے کوئٹہ کے ایک خاندان کا فرد ظاہر کرکے کراچی سے جعلی شناختی کارڈ بنوا لیا

شناکٹی کارڈ کے حصول کیلئے اسکولوں کے جعلی دستاویزات اور اسٹیمپ پیپرز بنوائے گئے‘ ملزم نے جعلی شناختی کارڈ پر پاسپورٹ بنوایا اور فضائی سفربھی کرتا رہا ‘ ایف آئی نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 جنوری 2022 10:47

غیرملکی نے کوئٹہ کے ایک خاندان کا فرد ظاہر کرکے کراچی سے جعلی شناختی کارڈ بنوا لیا
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2022ء ) غیرملکی نے کوئٹہ کے ایک خاندان کا فرد ظاہر کرکے کراچی سے جعلی شناختی کارڈ بنوا لیا ، جعلی شناختی کارڈ کی بنیاد پر پاسپورٹ بھی بنوایا اور فضائی سفربھی کرتا رہا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے ایک شہری کو کوئٹہ کے رہائشی خاندان کے گھر کا فرد ظاہر کرکے جعلی شناختی کارڈ جاری کیا گیا ، جعلی شناختی کارڈ جاری ہونے کا اس وقت پتہ چلا جب کوئٹہ میں شہری اپنے بچوں کا ب فارم بنوانے نادرا آفس گیا ، شہری نے ایف آئی اے کوئٹہ سے رابطہ کرکے مقدمہ درج کرا دیا ، ایف آئی نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

ایف آئی اے حکام سے معلوم ہوا ہے کہ افغان شہری نعمت اللہ کو نادرا کا جعلی شناختی کارڈ کراچی غربی کے دفتر سے جاری کیا گیا ، جس کے لیے جعلی اسکولوں کے دستاویزات اور اسٹیمپ پیپرز بنوائے گئے ، افغان شہری نے جعلی شناختی کارڈ کی بنیاد پر پاسپورٹ بھی بنوایا اور کوئٹہ سے فضائی سفر بھی کرتارہا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایرانی شہری کو جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے کے کیس کی تحقیقات میں نادرا افسران کی بڑی غلطیاں پکڑی گئیں ، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تحقیق میں انکشاف ہوا کہ 1949ء میں پیدا ہونے والیخاتون فاطمہ بی بی کو ماں ظاہر کر کے ایرانی شہری کا شناختی کارڈ بنایا گیا، فاطمہ بی بی کو 12 سال کی عمرمیں ماں ظاہر کیا گیا ، نادرا افسران نے ایرانی شہری کاجعلی شناختی کارڈ بنانے کے لیے اُس کی تاریخ پیدائش 1959ء ریکارڈ کی جب کہ ایرانی شہری کا اندراج جس گھرانے میں کیا گیا، اُس میں امام بخش نامی شخص کو بھائی کوظاہرکیا گیا۔

تفتیش کے مطابق مینوئل شناختی کارڈ نمبر میں درج نمبر دوسری خاتون کا نکلا، جس سے معلوم ہوا کہ وہ شناختی کارڈ جان بی بی نامی خاتون کا تھا ، شناختی کارڈ رکھنے والا امام بخش ایرانی شہریت کا کارڈ اور پاسپورٹ رکھتا ہے، جسے 2017ء میں ایران نے پاسپورٹ جاری کیا ، ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے اس کیس کے حوالے سے کئی اہم شواہد اور ریکارڈ بھی حاصل کر لیے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں