ہم داخلی طور پر کمزور ہوئے تو دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا،مولانا فضل الرحمٰن

معیشت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،ہماری اقتصادیات کو باہر سے کنٹرول کیا جاتا ہے،سربراہ پی ڈی ایم کا بلوچستان ہائیکورٹ بار سے خطاب

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 9 دسمبر 2022 12:59

ہم داخلی طور پر کمزور ہوئے تو دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا،مولانا فضل الرحمٰن
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2022ء) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اگر ہم داخلی طور پر کمزور ہوئے تو دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا،ہمیں معیشت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔کوئی بھی ملک آئین اور قانون کے بغیر نہیں چل سکتا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے بلوچستان ہائیکورٹ بار سے خطاب میں کہا کہ ہماری اقتصادیات کو باہر سے کنٹرول کیا جاتا ہے،انسانی حقوق کا تعین بھی بیرونی ممالک کرتے ہیں۔

آئین کا بنیادی ڈھانچہ چار عناصر پر مشتمل ہے،بنیادی ڈھانچے کا اگر ایک بھی ستون گرتا ہے تو آئین کو نقصان پہنچاتا ہے،آئین کے ستونوں میں جمہوریت،پارلیمانی طرز حکومت اور دفاعی نظام شامل ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ورلڈ بینک،آئی ایم ایف اور فیٹف کے ذریعے آپ کو کنٹرول کیا جاتا ہے اور ہمیں کنٹرول کر کے اپنی پالیسیوں کے تابع بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر آپ کسی عالمی قوت کو چیلنج کریں تو آپ پر معاشی قدغن لگتی ہے،عالمی ادارے ترقی پذیر ممالک کو امداد کی قسط دینے سے انکار کر دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ میں حیران ہوں کہ ملکی معیشت بہتری کی بجائے دلدل میں پھنستی جارہی ہے،سیاسی عدم استحکام کے ذریعے معاشی عدم استحکام پیدا کیا جارہا ہے،معیشت اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کس نے کیا ؟ دفاعی ادارے کو منقسم کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ،اداروں اور جمہوریت کو کمزور کیا جارہا ہے،عوام کی رائے پر ڈاکے ڈالے جارہے ہیں،آئین کی عملداری کو کمزور کیا جارہا ہے تاکہ ملک کمزور ہو، جب سیاسی عدم استحکام ہوگا تو پھر معاشی عدم استحکام ہوجائے گا،گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں پاکستان کی معیشت کو زمین بوس کیا گیا۔میں حیران اس بات پر ہوں کہ ہم چھ ،سات مہینوں سے حکومت میں ہیں، لیکن ملکی معیشت بہتری کی بجائے مزید دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کس نے پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا؟کس نے اسٹیٹ بینک کو خودمختاری کے نام پر آئی ایم ایف کے حوالے کیا،کس نے پاکستان روپے کی قدروقیمت کو تباہ وبرباد کیا؟

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں