معاشرے میں فکری انتشار اور سماجی تناؤ رواداری اور بھائی چارے کے فقدان کے باعث پیدا ہورہا ہے، گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی

پیر 11 ستمبر 2017 20:58

معاشرے میں فکری انتشار اور سماجی تناؤ رواداری اور بھائی چارے کے فقدان کے باعث پیدا ہورہا ہے، گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے ہمارے معاشرے میں فکری انتشار اور سماجی تناؤ رواداری اور بھائی چارے کے فقدان کے باعث پیدا ہورہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ جمہوری رویوں اور امن وآتشی کی فضا کو قائم رکھا جائے تاکہ معاشرے میں مزید استحکام اور باہمی اعتماد پیدا ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز چیف اسکاؤٹ بلوچستان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی وچیف کمشنر پاکستان بوائز اسکاؤٹ ایسوسی ایشن محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، سیکریٹری کھیل محبوب شاہوانی، ممبر نیشنل وصوبائی اسکاؤٹ کونسل اور اسکاٹس کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناخواندگی ایک بہت بڑا المیہ ہے جو ملک سے غربت دور کرنے اور ملکی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔

اگر اسکاؤٹ تحریک کے ذریعے اس مسئلے کے حل میں کوئی مدد ملتی ہے تو بصد خوشی اس کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس نہ صرف خدمت کے لازوال جذبہ سے سرشار ہوتے ہیں بلکہ وہ جدید تقاضوں اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امن اور سماجی بہبود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاہم اسکاؤٹنگ کی تحریک کو مزید متحرک کرنا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ آج ہم جس دور سے گزررہے ہیں اس میں اسکاؤٹ تحریک سے استفادہ کرنے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ ہر قوم کی ترقی اور عروج میں نوجوانوں نے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے اور جن قوموں نے اپنی زندگی انسانی فلاح وبہبود میں عملاً وقف کی وہ اقوام دنیا میں ہمیشہ کامیاب وکامران ہوئی ہیں۔

گورنر نے اسکاؤٹس سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ تعلیم کی اہمیت سے آگاہی اور اپنی بہنوں کو اسکول میں داخل کرانے جیسی اہم خدمات کے علاوہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرامز اور ہر گھر میں صحت وصفائی کے پیغام اور پولیو فری پاکستان مہم کے بارے میں لوگوں میں شعور وآگاہی جیسے اجتماعی سماجی منصوبوں میں بھرپور شرکت کریں۔ گورنر بلوچستان نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاق سازی اور تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان کی سرگرمیوں سے باخبر رہیں۔ اس سے قبل گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بحیثیت چیف اسکاؤٹ بلوچستان کا حلف اٹھایا۔ اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی وچیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاٹس محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے گورنر سے حلف لیا۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں