سرکاری ہسپتالوں میں جدید مشینری ودیگر سہولیات کی فراہمی ،ہیومن ریسورسز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا،میر عبدالماجد ابڑو

بینظیر جنرل ہسپتال میں آنکھوں کے آپریشن ،معائنے کیلئے فریڈہالو فاؤنڈیشن کی جانب سے جدید سازو سامان کی فراہمی سے عوام کو فائدہ ہوگا،وزیر صحت بلوچستان کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 23 جنوری 2018 17:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) وزیر صحت بلوچستان میر عبدالماجدابڑو نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں جدید مشینری اوردیگر سہولیات کی فراہمی اور ہیومن ریسورس کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، بے نظیر جنرل ہسپتال میں آنکھوں کے آپریشن اورمعائنے کیلئے فریڈہالو فاؤنڈیشن کی جانب سے جدید سازو سامان کی فراہمی سے عوام کو فائدہ ہوگا ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو بے نظیر ہسپتال میں جدید مشینری کی فراہمی کے موقع پرصحافیوں اور منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پرصوبائی وزیر پراسیکیوشن سید آغا رضا،سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان جاوید انور شاہوانی ،بلائنڈنس پروگرام بلوچستان کے پروانشل کوارڈی نیٹر ڈاکٹر جاوید شاہ اور ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر محمد انور ریکی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلائنڈنس پروگرام بلوچستان کے پروانشل کوارڈی نیٹر ڈاکٹر جاوید شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فریڈہالو فاؤنڈیشن بلوچستان میں آنکھوں کے امراض پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ ملکر کام کررہا ہے اور آج فاؤنڈیشن کی جانب سے تقریباً 1کروڑ روپے کی جدید مشینری اور آنکھوں کے آپریشن میں استعمال ہونے والی آلات بے نظیر جنرل ہسپتال کے حوالے کئے جارہے ہیں جسے غریب اورمستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ فریڈ ہالو فاؤنڈیشن کی جانب سے اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف اضلاع کیلئے جدیدمشینری اورآلات فراہم کئے ہیںجس پر ہم فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں۔ صوبائی وزیر صحت میر عبدالماجدابڑو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ہسپتالوں میں ہیومن ریسورس کی کمی کے باعث ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جلد ہی ہسپتالوں میں ہیومن ریسورس کی کمی کو پورا کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں جدید مشینری اوردیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے موجودہ حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کے رش کے باعث بعض مشکلات درپیش آتی ہیں جن پر قابو پالیا جائیگا۔ میرعبدالماج ابڑو نے کہا کہ فریڈ ہالو فاؤنڈیشن کی جانب سے بے نظیر ہسپتال کو جدید مشینری اورآپریشن کے آلات فراہم کرنے پر فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں جس سے غریب اور مستحق افراد مستفید ہوسکیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے بے نظیر ہسپتال کا معائنہ کیاہے جہاں عوام ڈاکٹروں اوردیگر سٹاف کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات اورادویات سے مطمئن ہیں۔ سیکرٹری صحت جاوید انور شاہوانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے رش اور کوٹہ کم ہونے کی وجہ سے مشکلات ضرور درپیش ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری صحت نے بتایا کہ سول ہسپتال میں فلم ایکسرے اور دیگرضروری سازوسامان فراہم کردیا گیا ہے جبکہ ڈائیلائسز مشینن بھی درست حالت میں کام کر رہی ہیں بعض اوقات مشینیں خراب ہونے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ عوام کو سرکاری ہسپتالوںمیں ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس سے قبل صوبائی وزیر صحت میرعبدالماجد ابڑو ، سیکرٹری صحت جاوید انورشاہوانی ،بلائنڈنس پروگرام بلوچستان کے پروانشل کوارڈی نیٹر ڈاکٹر جاوید شاہ نے ہسپتال کے مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں