حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بناکر کالعدم گروپوں کے خلاف بھر پور کارروائی کرے، طارق احمد جعفری

کوئٹہ میں خواتین پولیو ورکرز اور بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں پر حملے اوردہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں،اجلاس سے خطاب

منگل 23 جنوری 2018 19:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلو چستان کے صدر طارق احمد جعفر ی نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کالعدم گروپوں کے خلاف بھر پور کارروائی کرے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کی موت ہے جنہیں نیست و نابود کرنے کیلئے پوری قوم عساکر پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے حکومت ملک میں پائیدار قیام امن کیلئے سابق چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے ازخودنوٹس پر سپریم کورٹ میں پیش کردہ موسوی امن فارمولے پر عمل کرے ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اوراسکی ذیلی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ طارق احمدجعفری نے کہا کہ کوئٹہ میں خواتین پولیو ورکرز اور بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں پر حملے اوردہشت گردی کے تمام واقعات قابل مذمت ہیں ملک میں دہشت گردی کا بنیادی سبب مذہبی گروپوں کو ملنے والی بیرونی امداد اور فرقہ وارانہ ،لسانی بنیادوں پر عملی سیاست ہے جسکی وجہ سے انتہاء پسندمذہبی گروپوں کو کوئی بار کالعدم قرار دیا گیا ہے جنہیں آج بھی حکمران سیاستدان اپنی ضرورت سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک ممنوعہ گروپوں کے بڑے مگرمچھوں کو پس زندان نہیں ڈالا جائے گا اسوقت تک امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت اور دیگر ملک مخالف قوتیں گوادرسی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے افغانستان کے راستے سرگرم دہشت گردوں کیلئے سہولت کاروں کا کرداراداکررہے ہیں جس کے ٹھوس شواہد عالمی اداروں میں پیش کئے جاچکے ہیں جس کے تدارک کیلئے لازمی ہے کہ بھارتی جرائم بے نقاب کرکے اسکا گھناؤنا کرداردنیا کے سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ قومی سلامتی پلان اورآپریشن ردالفساد کی مکمل تائید اوراسکی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو نظریہ اساسی پاکستان کا دشمن گردانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کالعدم گروپوں کے خلاف بھر پور کارروائی کرے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کی موت ہے جنہیں نیست و نابود کرنے کیلئے پوری قوم عساکر پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں