آغاخان یونیورسٹی امتحانی بورڈ اور یونیسیف کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں ورکشاپ کاانعقادکیا گیا

منصوبے کے تحت اداروں کے عملے کی صلاحیتوں کو بہتر بناناہوگا ،سیکرٹری تعلیم بلوچستان نورالحق بلوچ

پیر 16 اپریل 2018 20:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) یورپی یونین کے تعاون سے بلوچستان میں امتحانی جانچ کے اداروں کی صلاحیت سازی کیلئے آغاخان یونیورسٹی امتحانی بورڈ اور یونیسیف کے اشتراک سے پیر کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں ورکشاپ کاانعقادکیا گیا، یورپی یونین کی مالی معاونت سے جاری بلوچستان بیسک ایجوکیشن پروگرام کے وسیع تر منصوبے کیلئے اس معاہدے کے تحت حکومت بلوچستان اور یواین چلڈرنزفنڈ کے درمیان اشتراک عمل ہورہا ہے،اس موقع پر سیکریٹری تعلیم بلوچستان نورالحق بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے بی اے ای سی پروگرام کیلئے یورپی یونین،یونیسیف اور اے کے یو، ای بی کی معاونت کا شکریہ اداکرتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ امتحانات اور امتحانی جانچ کے مانے ہوئے ماہرین سے سیکھنے کے منفرد موقع کا بھر پور انداز میںفائدہ اٹھائیں ،انہوں نے کہا کہ جانچ کے اس طریقہ کار کو متعارف کروانے کا یہ مقصد نہیںکہ ہم محض طلباء کی کامیابیوں یا ناکامی کی جانچ کے متعلق سیکھیں، ان مراحل کامقصد تعلیمی انتظام سنبھالنے والوں کی صلاحیت سازی ہے تاکہ وہ تعلیمی سلسلے کو معیار کے طورپر جاری رکھنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں،آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کیلئے یہ قابل فخر بات ہے کہ آج وہ تعلیمی میدان میں بہترین طریقہ کار کی تربیت فراہم کرنے کے قابل ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ادارے ایسے علاقوں میں مصروف عمل ہیں جنہیں قومی سطح پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ ہم جن علاقوںکا انتخاب کررہے ہیںوہ آنے والے وقت میں مضبوط ثابت ہوںگے اور اس سے مستقبل قریب میںبلوچستان کو فیض پہنچے گا،اس منصوبے کے تحت اداروں کے عملے کی صلاحیتوں کو بہتر بناناہوگا اور بلوچستان کے سرکاری اداروں کے نظام کو تقویت پہنچانا ہوگا،پروگرام پانچ مراحل پر مشتمل ہوگا جن میں امتحانات سے قبل ، امتحانی پرچوں کی تیاری ، ای مارکنگ اور امتحانات کے بعد کی سرگرمیوں کے حوالے سے تربت فراہم کی جائے گی، بلو چستان کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو بہترین طریقہ کار کے متعلق تربیت فراہم کرنے کیلئے ورکشاپ بھی کروائی جائے گی جس کا مقصد طلباء کی جانچ کے مراحل کابخوبی انتظام اور انجام دہی ہوگا،اس موقع پر یونیسیف کی ماہر تعلیم پلوشہ جلالزئی، آغا خان یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹرحنیف شریف، ڈاکٹر نوید یوسف ودیگر نے طلباء کے علم کی درست جانچ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم اہم سنگ میل عبور کرنے کیلئے سفر کاآغاز کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں