وزیر اعلیٰ بلوچستان کو رخشان ڈویژن کے قیام کے نوٹیفکیشن کے اجراء پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،میر عبدالکریم نوشیروانی

جمعرات 17 مئی 2018 22:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ کے مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ٹرانسپورٹ میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے رخشان ڈویژن کے قیام کا نوٹیفکیشن کا اجراء کرکے ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا اور چار اضلاع کے لاکھوں عوام کا دل جیت لیا ڈویژن ہیڈکوارٹر خاران میں دینا ہمارے لئے ایک اعزاز ہے ہم انشاء اللہ بطور ہیڈکوارٹر اپنے چاروں اضلاع کے بھائیوں کا خاص عزت، خدمت اور خیال کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران نوشکی چاغی اور واشک کے علاقائی معتبرین کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی اور چیئرمین میر نورالدین نوشیروانی موجود تھے میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ہم نے کافی عرصے سے رخشان ڈویڑن کے قیام کیلئے جہدوجہد شروع کیا ہے اور 2015 کو میں نے ایم پی اے نوشکی میر غلام دستگیر بادینی،ایم پی اے چاغی سخی میر امان اللہ نوتیزئی،ایم پی اے واشک میر مجیب الرحمن محمد حسنی کے ہمراہی میں مشترکہ طور پر بلوچستان اسمبلی میں رخشان ڈویژن کے قیام کے حوالے سے قرارداد پیش کی تھی جسے اسمبلی نے بھاری اکثریت سے منظور کیا اور موجودہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سربرائی میں متعدد بار صوبائی کابینہ اجلاسوں میں ہم چاروں ایم پی ایز نے مشترکہ طور پر رخشان ڈویژن کے مطالبے کو بھرپور انداز میں پیش کیئے تھے اور اسی طرح ذاتی طور پر بھی میں اور میر شعیب نوشیروانی سمیت میر غلام دستگیر بادینی،سخی میر امان اللہ نوتیزئی اور میر مجیب الرحمان محمد حسنی نے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو سے رخشان ڈویژن کی قیام کی ضرورت اور نوٹیفکیشن کے اجراء کے حوالے سے میٹنگز کیئے تھے جس پر میں وزیر اعلی میر عبدالقدس بزنجو صوبائی کابینہ بلوچستان اسمبلی بلوچستان حکومت محکمہ ریونیو کے حکام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری اس عوامی مفاد عامہ کو مد نظر رکھ کر رخشان ڈویژن ہیڈ کوارٹر بمقام خاران کے قیام نوٹیفکیشن جاری کیا میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ رخشان ڈویژن کے قیام سے چاروں اضلاع میں روزگار کی فراہمی سمیت تعلیم صحت زراعت معشیت اور دیگر شعبوں سمیت سماجی اور انتظامی سطح پر عوام کو فائدہ ملنے سمیت ترقی کے کافی مواقع پیدا ہونگے انہوں نے کہا کہ ڈویژن کی ہیڈکوارٹر خاران کیلئے ایک اعزاز ہے اور بحیثیت ہیڈکوارٹر ہماری ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں ہم انشاء اللہ ہر سطح پر اپنے باقی ساتھ ہونے والے اضلاع کے عوام کی خدمت اور مہمان نوازی کرینگے میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ میں خصوصاً وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو رخشان ڈویژن کی قیام نوٹیفکیشن کے اجراء پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ عوامی خدمت سے سرشار وزیر اعلیٰ ہیں جو عملی طور پر بلوچستان کو ترقی اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں