سخت فیصلوں کئے بغیر کوئٹہ کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا،

متعلقہ اداروں میں عزم کی کمی ہے جس کی وجہ سے شہر گوناگوں مسائل کا شکار ہے،جن کے حل کے لئے ہر متعلقہ ادارے اور ان کے حکام کو بھرپور عزم کرنا ہوگا ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری

منگل 17 جولائی 2018 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ سخت فیصلوں کئے بغیر کوئٹہ کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا، متعلقہ اداروں میں عزم کی کمی ہے جس کی وجہ سے شہر گوناگوں مسائل کا شکار ہے،جن کے حل کے لئے ہر متعلقہ ادارے اور ان کے حکام کو بھرپور عزم کرنا ہوگا ،ہم نہیں چاہتے ایسے سخت فیصلے کریں جن سے کسی کو نقصان پہنچے لیکن شہر اور شہریوں کو اس حالت میں نہیں چھوڑ سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچانک شہر کے دورے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر طلب کئے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر ریلوے روشن خورشید بروچہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈی آئی جی کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ایس ایس پی ٹریفک، ڈی ایس ریلوے اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ جب سے وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے ہیں انہوں نے بارہا شہر کے دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور صفائی ، ٹریفک کی صورتحال سمیت دیگر شہری مسائل کے حل کے لئے ہدایات بھی جاری کیں لیکن یہ امرا فسوسناک ہے کہ اس کے باوجود صورتحال کی بہتری کے لئے خاطرخواہ اقدامات نظر نہیں آرہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اجلاس میں کئے گئے تمام فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے وہ کسی قسم کی کوتاہی اور تساہل برداشت نہیں کریں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اداروں کی عدم دلچسپی کے باعث شہریوں کو روزانہ مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں سب سے اہم بے ہنگم ٹریفک ، ماحولیاتی آلودگی اور صفائی کی صورتحال ہے، جبکہ پارکنگ کی سہولتوں کی عدم دستیابی بھی ٹریفک کے دبائو کا سبب ہے حتیٰ کہ ایمبولینس کو بھی ایمرجنسی میں گزرنے کا راستہ نہیں ملتا، وزیراعلیٰ نے ایس ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ فوری طورپر جناح روڈ سمیت تمام اہم سڑکوں سے ڈبل پارکنگ ختم کی جائے عوام میں ٹریفک کا شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے جبکہ وزیر اعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی کہ تجاوزات کو فوری ختم کرنے کے لئے آپریشن شروع کیا جائے، اس موقع پر جناح روڈ اور زرغون روڈ کے مابین واقع ریلوے کی اراضی پر پارکنگ پلازہ کی تعمیراور ریلوے کے تعاون سے سڑکوں کی کشادگی کا جائزہ بھی لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اور ریلوے کے حکام مشترکہ طور پر ان منصوبوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے نے یقین دلایا کہ پاکستان ریلوے کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون کریگا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں