جمعیت علماء اسلام کے رہنماء نور خان ایڈوکیٹ نے اپنی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا

نور خان نے این اے 262سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر اعجاز گوہر کی حمایت کا اعلان کردیا

بدھ 18 جولائی 2018 18:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء نور خان ایڈوکیٹ نے اپنی پارٹی سے استعفیٰ دے کر این اے 262سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر اعجاز گوہر کی حمایت کا اعلان کردیا ہے اور بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہوگئے ،انہوں نے یہ اعلان بدھ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ،ا س موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری منظور احمد خان کاکڑ ،پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر ،پارٹی کے سینئر نائب صدر میر اسماعیل لہڑی ،پاکستان ورکرز پارٹی کے چیئرمین بلال خان کاکڑ سمیت دیگر بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدیداران موجود تھے ،اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل منظور خان کاکڑ نے کہاکہ میں نور خان ایڈوکیٹ کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے ہماری پارٹی میں شمولیت کی انکی پارٹی میں شمولیت سے ہماری پارٹی مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی ،نور خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ میں نے جمعیت علماء اسلام اس لئے چھوڑی ہے کہ حالیہ الیکشن کے موقع پر مجھے مرکزی قیادت نے کہاتھا کہ آپ کو پارٹی ٹکٹ دیا جائیگا اور ہدایت کی تھی کہ آپ کاغذات نامزدگی داخل کریں مگر صوبائی مجلس شوری نے میرے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کیا تھا میں نے کافی سوچ وبچھار کے بعد پارٹی سے علیحدگی اختیار کی ہے ،نور خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ میں 15سال سے مسلم لیگ (ن) میں رہا بعد میں جمعیت علماء اسلام میں شامل ہوگیا اختلافات کے بعد پارٹی چھوڑ دی ہے ،اس موقع پربلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواراین اے 262 ڈاکٹر اعجاز خان گوہر نے کہاکہ میں نور خان ایڈوکیٹ کا پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتاہوں اور امید کرتاہوں کہ انکی شمولیت سے ہماری پارٹی مضبوط ہوگی ،اس موقع پر میونسپل کارپوریشن پشین کے پشتونخواملی عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار محمد احد اپنے 3سو ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں