ْصوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 22پر جے یوآئی نظریاتی کا امیدوار اے این پی کے حق میں دستبردار

اتوار 22 جولائی 2018 22:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2018ء) صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 22پر جے یوآئی نظریاتی کا امیدوار اے این پی کے حق میں دستبردار ، مکمل حمایت کا یقین دلادیا جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں کلاچی دھماکے اور اس کے نتیجے میں پی ٹی آئی امیدوار کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے ، شہداکے خاندانوں کا دکھ درد سمجھ سکتے ہیں ان واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل کی تحصیل کلاچی میں پیش آنے والا واقعہ جس میں خیبرپشتونخوا اسمبلی کے لئے پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈہ پور کی شہادت ہوئی ہے یہ واقعہ ہر حوالے سے قابل مذمت اورمتعلقہ حکام کے لئے چیلنج ہے اس سے پہلے پشاور میںعوامی نیشنل پارٹی کے رہنماہارون بلورپر حملہ کرکے انہیں اور دیگر کارکنوں کو شہید کیا گیا اس کے بعد بنوں میں اکرام درانی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور اسی روز مستونگ میں نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت دیگر بے گناہ انسان دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ گزشتہ چند سالوں کے دوران عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماں پر بھی پے درپے حملے ہوتے رہے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں پارٹی متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں مطالبہ کیا گیاہے کہ تمام امیدواروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرتے ہوئے انتخابات کے صاف شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ دریں ثناگزشتہ روز باچاخان مرکز عبدالرحمان زئی میں منعقدہ اجتماع میں پی بی 22سے جے یوآئی نظریاتی کے امیدوار محمد انور نے اے این پی امیدوار ڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور اپنی ہر ممکن تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی بی 22سے اہل اورا یماندارامیدوار کا انتخاب عمل میں لایا جائے ۔

ڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ اور دیگر رہنماںنے محمد انور اور جے یوآئی نظریاتی کے دیگر رہنماں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کے اس فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ علاقے کے عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے انہیں درپیش مسائل ومشکلات کے حل کے لئے ہر سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے ضلعی اور تحصیل ذمہ داران سمیت کارکنوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں