نئے عزم سے وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے

، آزادی کے حصول کیلئے ہمارے بزر گوں نے بے تحاشہ قربنایاں دی ہیں نگران صوبائی وزراء فرزانہ کریم ، نوید کلمتی ،منظور حسین قزلباش کا جشن آزادی کی تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 22:50

کوئٹہ ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) بلوچستان رورل سپورٹ پر وگرام کے زیر اہتمام 71یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ایک شانداراور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں نگران صوبائی وزیر تعلیم نصر اللہ خان خلجی بطور مہمان خصوصی شریک تھے ۔ جبکہ اس موقع پر نگران صوبائی وزراء فرزانہ کریم بلوچ ، نوید کلمتی ، منظورحسین قزلباش ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ شہزادہ فرحت احمد زئی ، ڈی جی سوشل ویلفیئر مسرت جبیں ، اے ڈی سی کو ئٹہ مبین خان ، چیف ایگزیکٹو پی آر ایس پی نادر گل بڑیچ ، سینئر منیجر نعمت اللہ جان ،سراج الحق غوری ، ڈی ای او تعلیم گل محمد کاکڑ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود بشیر احمد رند ، ڈاکٹر عطاء الرحمن ، قاری عبدالحفیظ ، مولانا نور الحق حقانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد طلباء و طالبات اور خاص کر خصوصی بچوں اور بچیوں اور مدارس کے طلباء بھی کثیر تعداد میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے صوبائی نگران وزیر تعلیم نصر اللہ خان خلجی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ہم سب مل کر آج کا یہ خاص دن خصوصی بچوں کے ساتھ منارہے ہیں انہوںنے کہا کہ آج نئے عزم سے وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے انہوںنے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام کے صف میں شامل ہونے کے لئے معیاری اور جدید علوم پر دسترس حاصل کرنا ضروری ہے خصوصی بچے اور مدارس میں پڑھنے والے طلباء و طالبات بھی ہمارا مستقبل ہیں خا ص کر خصوصی بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

خصوصی تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف کا کردار معاشرے کیلئے مثالی اور قابل تحسین ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے مگر یہ ہم سب نے مل کر ان مسائل کے حل کی طرف جانا ہوگا ۔ بچے ہمارامستقبل ہیں انہی کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے ۔ جس کے لئے ہمیں جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

دیگر مقررین سی ای او بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام نادر گل بڑیچ، مسرت جبیں ، ڈاکٹر عطاء الرحمن ، قاری عبدالحفیظ دیگر نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم 71واں یوم آزادی منارہے ہیں اس آزادی کے حصول کیلئے ہمارے بزر گوں نے بے تحاشہ قربنایاں دی ہیں آج کا دن ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ اس آزادی کی قدر کریں ۔آزادی کو برقرا ر رکھنے کے لئے ہماری فورسزکے جوان اور شہری آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں۔

کشمیر کی آزادی کیلئے ہر قدم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ وہ وقت دور نہیں جب ہماری شہ رگ کشمیر بھی پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ بحیثیت ایک شہری اور قوم کے اپنی سماجی و معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی خیال رکھنا چاہیئے خصوصی افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہے ۔ انہیں بھی معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہیئے ۔

بی آر ایس پی کے سی ای او نے بتایا کہ انکا ادارہ بلوچستان کے سات اضلاع میں مدارس کے طلباء کو عصری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کررہا ہے ۔اورمدارس کے طلباء کو بھی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر خصوصی بچوں ، سکولوں اور مدارس کے طلباء و طالبات نے قومی ترانہ ، ملی نغمے اور ٹیبلومیںچاروں صوبوں ،کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کیا ۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر تعلیم نے خصوصی بچوں اسکولوں اورمدارس کے طلباء و طالبات کے لئے 25 ہزار روپے انعامات کا اعلان بھی کیا ۔ بعد ازاں مہمانوں میں یادگاری شیلڈ اور ملی نغموں و تقاریر میں حصہ لینے طلباء وطالبات میں تحائف بھی تقسیم کیئے گئے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں