بلوچستان میں ماں اور بچے میں غذائی قلت کو دور کرنے کیلئے اقدامات کومزید وسعت دینا انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر علی ناصر بگٹی

منگل 18 ستمبر 2018 21:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) بلوچستان نیو ٹریشن پروگرام کے صوبائی سربراہ ڈاکٹر علی ناصر بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ماں اور بچے میں غذائی قلت کو دور کرنے کے لئے اقدامات کومزید وسعت دینا انتہائی ضروری ہے جبکہ اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسیف عرصہ دراز سے غذائی قلت ماں و بچے کی صحت تعلیم کے حوالے سے اقدامات اٹھار ہی ہے اور یونیسف (UNICEF)کے ان اقدامات کو بلوچستان میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے یہ بات انہوں نے یونیسف بلوچستان کے چائلڈ سرواول و ڈیویلپمنٹ اسپیشلسٹ( MS.GERIDA BIRUKILA ) نیو ٹریشن پروگرام کے اقدامات کے حوالے سے ملاقات بعد ازاں بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں بلوچستان نیوٹریشن پروگرام کے ڈپٹی پروگرام منیجر ڈاکٹر صاد ق بلوچ ، یونیسف کے نیو ٹریشن آفیسر ڈاکٹر فیصل و متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بلوچستان نیوٹریشن پروگرام کی مجموعی کا رکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ قومی غذائی سروے 2011 کے مطابق شدید غذائی قلت کے شکاربچوں کی شرح 7فیصد تھی ، سمارٹ وکیپ سروے 2017 کے مطابق 5.8 فیصد ہوگئی ہے اور نیوٹریشن پروگرام کے 2018 کے اعداد و شمار میں صوبے کے سات اضلاع میں شرح کم ہوکے 5.4 فیصد ہوگئی ہے ۔

ماؤں اور بچوں میں غذائی قلت کی بہت ساری وجوہات ہیںجس سے نمٹنے کیلئے ملٹی سیکٹوریل حکمت عملی کے تحت اس کی شدت کو کم کیا جاسکتا ہے جس میں تمام متعلقہ محکمے /ادارے جن میں خاص طور پر محکمہ تعلیم ، محکمہ خوراک ، زراعت ، پی ایچ ای لائیو اسٹاک ، فشریز و دیگر کو مروجہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے ہونگے تب ہی غذائی قلت کے اثرات و اس سے منسلک طبی پیچید گیوں کو کم کیاجاسکے گا ۔

اس موقع پر یونیسف کے چائلڈ سرواول اینڈ ڈیو یلپمنٹ اسپیشلسٹ ( MS.GERIDA BIRUKILA ) نے نیوٹریشن پروگرام ومحکمہ صحت کے اقدامات کو سراہا اور یونیسف کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جس میں سر فہرست کوئٹہ کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں اسٹیبلائز یشن سینٹر کو فعال کرنے میں بھر پور معاونت فراہم کی جائے گی جس پر نیوٹریشن پروگرام کے ٹیم نے یونیسف کا شکریہ ادا کیا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں