کوئٹہ، محرم الحرام کے سیکورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل

شہر میں چیکنگ اور موبائل گشت کے نظام کو سخت کرتے ہوئے مزید بڑھادیاگیا ہے،آر پی او و ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزق چیمہ

بدھ 19 ستمبر 2018 22:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) ریجنل پولیس آفیسر و ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزق چیمہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے سیکورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں جبکہ شہر میں چیکنگ اور موبائل گشت کے نظام کو سخت کرتے ہوئے مزید بڑھادیاگیا ہے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ڈبل سواری سے مستثنیٰ افراد کی سختی سے چیکنگ کی جائے گی یہ بات انہوں نے ڈی آئی جی آفس میں محرم الحرام کے سیکورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کہی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ آرمی فرنٹیئرکور، پولیس محکمہ صحت میٹروپولیٹن کارپوریشن عاشورجلوس کے علاوہ دیگر ضروری اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

آرمی اور ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوگا جلوس کے روٹس پر باقاعدہ سویپنگ کے بعددکانوں کو سیل کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے جوکہ براہ راست آئی جی آفس میں قائم کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔

(جاری ہے)

جہاں سے براہ راست عاشورہ جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ جلوس کی سیکورٹی پر تعینات پولیس اور دیگر اداروں کو خصوصی پاس اور گاڑیوں کو اسٹیکر جاری کئے گئے ہیں بغیر اسٹیکر کسی کو جلوس کے نزدیک نہیں جانے دیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹس کو ملنے والی گلیوں کو بندکیا جائے گااور چھتوں پر پولیس و دیگر اداروں کے جوان تعینات ہوںگے جبکہ فضائی نگرانی ہیلی کاپٹروں سے بھی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوںمیں ایمرجنسی وارڈ قائم کیاگیا ہے جبکہ ایمبولینس اور فائربریگیڈ ایمرجنسی مقامات اور جلوس کے قریبی مقامات پر موجود ہوں گے اجلا س میںموجود عاشور جلوس کے منتظمین نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میزان چوک پر جمعہ نماز بروقت ادا کی جائیگی جس میں اہل تشیع اور اہل سنت کابرین اور علماء کرام بھی نماز جمعہ میں موجود ہوںگے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں