صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے،صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں ٹھوس بنیادوں پر پالیسی مرتب کی جارہی ہے تاکہ طبی سہولتوں کی عدم دستیابی کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جعلی ادویات اور ناتجربہ کار وغیر مستند ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانے کے لئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو فعال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم اس کاروائی میں اس امر کو ضرور مدنظر رکھا جائے گا کہ ایسے دیہی علاقوں میں جہاں مستند ڈاکٹر دستیاب نہیں وہاں غیرمستند لیکن 15سے 20سال تجربہ رکھنے والے میڈیکل پریکٹشنرز کو ایک محدود حد تک پریکٹس جاری رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو علاج کی بنیادی سہولت ملتی رہے تاہم صوبے کے تمام علاقوں میں جعلی ادویات کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گی اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں