ایسے وقت میں اپنے ثقافتی دن کو منارہے ہیں جہاں کل بھی ہمارے عوام کا سرومال محفوظ نہیں ہے،نسیمہ حفیظ پانیزئی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی محترمہ نسیمہ حفیظ پانیزئی نے 23ستمبر پشتون ثقافتی دن کی مناسبت سے اپنے ایک بیا ن میںکہا ہے کہ ہم ایسے وقت میں اپنی ثقافتی دن کو منارہے ہیں جہاں آج بھی ہمارے عوام کا سرومال محفوظ نہیں ہے اور ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت ہمارے پر امن وطن میںدہشت گردی ،بدامنی ، لاقانونیت ، افراتفری کی صورتحال مسلط کی جارہی ہے ایسے صورتحال میں ہمارے غیور عوام نے قدم بہ قدم احتیاط ، صبر وبرداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحد ومنظم ہوکراس جنگ کو پیچھے دھکیلنا ہوگااور اپنے بچوںکے محفوظ مستقبل اور مادروطن کی حفاظت کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جب قوموں کی ثقافت پر یلغار ہوتی ہے تو پھر ثقافت کے ساتھ ساتھ اس کی مادری زبان بھی ختم ہوجاتی ہے ایسے حالات میں ہم نے اپنے نئے نسل کو یہ احساس دلانا ہوگا کہ ہم اپنی لباس اپنے اعلیٰ اقدار پشتون روایات کو زندہ رکھ کر باقی قوموں کے ساتھ سیالی اور برابری کرسکیں گے اور معاشرے کی تشکیل کیلئے ایک اچھے فرد کی حیثیت سے اپنی ثقافت کو اجاگر کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

پشتونخواملی عوامی پارٹی اس دن کو ہر سال اس لئے مناتی ہے کہ قوم میں ثقافت ،تاریخ اور زبان کی اہمیت سے باخبر رکھنے کی آگاہی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کو ہر مشکل سے نجات کا وسیلہ پارٹی کی سیاست سے جڑے رہنے اور پارٹی اکابرین کے فرمودات پر عمل کرنے کو سمجھتی ہوں پارٹی کارکنان اس حساس وقت میں پارٹی چیئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی اور پارٹی رہنمائوں کے ساتھ ملک کر پشتونخوا وطن میں امن لانے کیلئے کردار ادا کریں۔

انہوں نے ثقافتی دن کی مناسبت سے یہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ پشتون قوم کے زبان ، تاریخ ،ثقافت کو اجاگر کرتی رہیگی اور میری خواتین اور پشتون بہنوں سے یہ اپیل ہے کہ وہ گھروں میں رہ کر بھی پشتونوں کی زبان تاریخ اور ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ دریں اثناء پشتونخواملی عوامی پارٹی کی رکن قومی اسمبلی محترمہ نسیمہ حفیظ پانیزئی نے کہا کہ حالیہ پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دہشتگردی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے پشتونخوامیپ کے چیئرمین محترم مشر محمود خا ن اچکزئی نے پہلے ہی اس کی نشاندہی کردی تھی کہ ہمارے وطن میں ایک نئی جنگ کی لہر شروع ہونیوالی ہے جس سے بچنے کیلئے ہم سب باہم متحدہ ہوکر اس جنگ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے اپنے عزیز اور اقارب وطن کے لوگوں کو باخبر رکھنا ہوگا کہ وہ کسی بھی ایسی سازش کا حصہ نہ بنے۔

انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں آل پارٹیز کی جانب سے احتجاجی مظاہرے ودھرنے کی بھرپور حمایت کی ۔ انہوں نے پشین اور قلعہ سیف اللہ کے لیویز افیسر واہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں