ڈپٹی سپیکر سردار بابرموسیٰ خیل کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس

،بھارتی آرمی چیف کے بیان کی مذمت کسی نے بھی ملک پر میلی نگاہ ڈالی تو ہم ملک کا دفاع کریں گے ،اراکین اسمبلی

منگل 25 ستمبر 2018 19:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس چالیس منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار بابرموسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا ۔اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ نے پوائنٹ آف آرڈر پر ایوان کی توجہ بی ایس پروگرام کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بلوچستان بھر میں بی اے ، بی ایس سی ختم کرکے بی ایس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس پر پورے صوبے میں عملدرآمد ہوا مگر اچانک گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا جس کے تحت صوبے کے 74میں سے اب صرف18کالجز میں بی ایس پروگرام کے تحت کلاسز ہوں گی تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر یہ فیصلہ کرکے طلبہ کے مستقبل کے خطرات سے دوچار کردیا گیا ہے اٹھارہ میں سے 9کالجز صرف کوئٹہ میں ہوں گے جبکہ پورے صوبے میں9کالجز میں بی ایس پروگرام ہوگا جو افسوسناک ہے اور اس کی وجہ اساتذہ و دیگر سہولیات کی کمی بتائی جارہی ہے حکومتی بینچوں سے اس حوالے سے صورتحال واضح کی جائے صوبائی وزیر اسد بلوچ نے بھی ثناء بلوچ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے پورا صوبہ متاثر ہوگا یہ ایک اہم مسئلہ ہے اس پر توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میر ضیاء لانگو نے پوائنٹ آف آرڈر پر آر ٹی سی قلات کو کوئٹہ منتقل کرنے کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی بار بار ایسا کیا جاتا رہا ایک بار پھر سینٹر کو کوئٹہ منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس کو روکا جائے ۔ اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرئے نے اپنی تحریک التواء نمبر2پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز صوبائی کابینہ نے اپنے اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوہائیکورٹ کے فیصلے کے برخلاف سپنی روڈ کی بجائے کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو نہ صرف ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے اس لئے ایوان کی کارروائی روک کر اس اہم نوعیت کے مسئلے کو زیر بحث لایا جائے ۔

صوبائی وزیر اسد بلوچ نے کہا کہ کابینہ نے اپنے اجلاس میں کارڈیالوجی ہسپتال کے کینٹ میں قیام کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہم ہائیکورٹ کے فیصلے اور ہدایات کا احترام کرتے ہیں اور اس کے مطابق دل کا ہسپتال قائم کیا جائے گا نصراللہ زیرئے نے کہا کہ ہائیکورٹ کہہ چکی ہے کہ مذکورہ ہسپتال سپنی روڈ پر مختص کردہ اراضی پر تعمیر ہو صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ ہسپتال کہیں اور منتقل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اگر نصراللہ زیرئے کے پاس اس حوالے سے کوئی دستاویز ہے تو وہ لائیں جس پر ہم بات کرسکیں ۔

صوبائی وزیر اسد بلوچ نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور عوام کے مفادات کے برعکس کوئی فیصلہ نہیں کریں گے ہم عدالت کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے مطابق ہی عمل کریں گے اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے تحریک التواء کو بحث کی منظوری کیلئے ایوان کے سامنے رکھا رائے شماری کے بعد سپیکر نے رولنگ دی کہ چونکہ تحریک التواء کو بحث کے لئے مطلوبہ ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے لہٰذا اس پر 28ستمبر کے اجلاس میں بحث ہوگی ۔

اجلاس میں 22ستمبر کے اجلاس میں موخر شدہ پی ایس ڈی پی پر بحث کا آغاز ہوا بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر حسین لانگو نے کہا کہ ہم نے گزشتہ اجلاس میں بھی یہ نکتہ اٹھایا تھا کہ بتایا جائے کہ حکومت کی جانب سے پی ایس ڈی پی کے حوالے سے کیا رپورٹ تیار کی گئی ہے وہ ارکان کو فراہم کردی جائے تاکہ اس کا مطالعہ کرکے ہم اس پر بحث کرسکیں مگر یہ رپورٹ آج بھی ہمیں موصول نہیں ہوئی جمعیت العلماء اسلام کے سید فضل آغا نے کہا کہ آج کے اجلاس میں بحث سے قبل پی ایس ڈی پی سے متعلق رپورٹ فراہم کی جاتی تاکہ ہم اس کا مطالعہ کرتے اور معلوم ہوتا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ ہم اس پر بحث کرسکتے ۔

صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ یہ اجلاس اپوزیشن ارکان نے پی ایس ڈی پی پر بحث کے لئے ریکوزٹ کیا ہے پی ایس ڈی پی کی کاپیاں تمام ارکان کے پاس موجود ہیں پی ایس ڈی پی کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے کہ پہلے اسے کابینہ میں پیش کیا جاتا ہے وہاں سے اسے صوبائی اسمبلی میں لایا جاتا ہے پی ایس ڈی پی پر نظر ثانی کا سلسلہ جاری ہے اور کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں اقدامات کرکے پی ایس ڈی پی کو حتمی شکل دی جارہی ہے اس حوالے سے آج کابینہ کا اجلاس ہورہا ہے اپوزیشن ارکان آج کے اجلاس کا انتظار کریں اس کے بعد ہم اس ایوان کو صورتحال سے آگاہ کریں گے نہ تو بجٹ پراس ایوان کی منظوری کے بغیر عملدرآمد ہوسکتا ہے اور نہ ہی ایک روپیہ خرچ کیا جاسکتا ہے ہم ایوان کو اعتماد میںلے کر تمام صورتحال سے آگاہ کریں گے ۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ نے کہا کہ 22ستمبر کے اجلاس میں بھی پی ایس ڈی پی پر حکومتی اورا پوزیشن ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر وزیراعلیٰ نے یہ یقین دلایا تھا کہ پی ایس ڈی پی کا طریقہ کار اور فریم ورک پر ایوان میں بات کی جائے گی ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا لیکن آج وزیراعلیٰ ایوان میں موجود نہیں ہیں لہٰذا ان کی آمد تک پی ایس ڈی پی پر بحث موخر کی جائے ان کی آمد پر ہم ایوان میں پی ایس ڈی پی کی تیاری کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں گے تاکہ پی ایس ڈی پی نہ صرف شفاف انداز میں تیار ہو بلکہ ہم نے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کرنی ہے صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے ثناء بلوچ کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پی ایس ڈی پی کے حوالے سے جو کچھ ہوتا رہا ہم اسے نہیں دہرائیں گے ہم پورے ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے ہم ارکان کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے اگروزیراعلیٰ آج کوئٹہ پہنچ جاتے ہیں تو آج ہی ورنہ آئندہ اجلاس میں پی ایس ڈی پی پر بحث کریں گے ۔

اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر جمعیت العلماء اسلام کے سید فضل آغا نے ایوان کی توجہ این ٹی ایس طلباء کے احتجاج اور بھوک ہڑتالی کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ این ٹی ایس کے کامیاب امیدوارآٹھ مہینوں سے کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں حکومت بتائے کہ ان کی تقرری کے لئے کیااقدامات کئے گئے ہیں ۔صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے بتایا کہ سابق دور حکومت میں محکمہ تعلیم میں مختلف آسامیوں کے لئے این ٹی ایس میں45ہزار امیدواروں نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی جن میں سے میرٹ پر چار ہزار چھ سو کے قریب اساتذہ کو تعینات کیا گیاجو امیدوار تعینات نہیں ہوئے انہوں نے احتجاج کیا جس پر میر عبدالقدوس بزنجو جب وزیراعلیٰ منتخب ہوئے توا نہوں نے ان امیدواروں سے دوبارہ درخواستیں لیں اور میرٹ کی بنیاد پر چار سو کے قریب اساتذہ کو ملازمت دی گئی جبکہ اب بھی بڑی تعداد میں امیدوار احتجاج کررہے ہیں صوبائی حکومت اس کے لئے طریق کار طے کررہی ہے کہ اس کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے بی این پی کے ملک نصیر شاہوانی نے کہا کہ یہ طلباء آٹھ مہینوں سے احتجاج پر ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ ماضی میں کامیاب طلباء کو نظر انداز کرکے بڑی تعداد میں بوگس امیدواروں کو ملازمتیں دی گئیں انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سو کے قریب امیدوار اب بھی احتجاج کررہے ہیں کم سے کم اس ایوان یا حکومت کی کوئی کمیٹی پریس کلب کے باہر جا کر ان سے اظہار یکجہتی کرے ۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کی شکیلہ دہوار نے ایوان کی توجہ لسبیلہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء کی جانب سے جاری احتجاج کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے واٹر مینجمنٹ اور ویٹرنری کے فارغ طلباء ملازمتوں کے لئے احتجاج کررہے ہیں مگر انہیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے حکومت ان کے لئے ملازمتوں کا انتظام کرے انہوں نے کہا کہ کڈنی سینٹر میں چند سال قبل 267ملازمین عارضی ، مستقل و دیگر بنیادوں پر تعینات کئے گئے اس کے لئے کیا پالیسی اختیار کی گئی اور جو آسامیاں اس وقت خالی پڑی ہیں بتایا جائے کہ انہیں کس طرح پر کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کڈنی سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر نظر ثانی کی جائے اور تمام معاملات سے ایوان کو آگاہ کیا جائے ۔ اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرئے کی 22ستمبر کے اجلاس میں باضابطہ شدہ تحریک التواء پر بحث کا آغا ز ہوا ۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے نصراللہ خان زیرئے نے کہا کہ یقینا چالیس سال کی پالیسیوں کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے جنرل ضیاء کے دور سے لے کر اب تک جو سلسلہ جاری ہے یہ تمام خطے ، ملک اور خاص کر پشتونخواوطن اس کا شکار ہوا ہے پشین ، چمن اور قلعہ سیف اللہ میں جس طرح سے ایک منصوبے کے تحت لیویز اہلکاروں کو نشانہ بنایاگیا ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے پشین میں اسسٹنٹ کمشنرکی گاڑی پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں تین اہلکار جبکہ 16ستمبر کو دن دیہاڑے قلعہ سیف اللہ بازار میں ایک رسالدارکو شہید کیا گیا اور اس واقعے کے دو دن بعد قلعہ سیف اللہ میں تین لیویز اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا یہ ایک بہت لمبی تاریخ ہے اگر اس پر بات کی جائے تو چار دن میں بھی اس پر بحث نہیں ہوسکتی انہوں نے کہا کہ بارہا ہم نے یہ بات کی ہے کہ جب تک داخلہ و خارجہ پالیسی میں تبدیلی نہیں آئے گی اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہوں گے 2005کے بعد جو صورتحال اس صوبے میں شروع ہوئی بے گناہ عوام کی ٹارگٹ کلنگ ، پنجابی اور ہزارہ برادری کی جو ٹارگٹ کلنگ شروع کی گئی اس کے بعد جو سلسلہ چل پڑا اب تک ہزاروں لوگ ان واقعات کی بھینٹ چڑھ گئے انہوں نے کہا کہ سانحہ8اگست کاجو واقعہ ہوا اس کے بعد باچاخان یونیورسٹی اور آرمی پبلک سکول میں بے گناہ اور نہتے معصوم بچوں کو نشانہ بنایاگیا بدقسمتی سے استعماری سیاست کی وجہ سے حالات خراب ہوتے جارہے ہیں اور ایک عجیب منطق ہے کہ ہم آج بھی اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز میں اپنے ہی وطن کو تباہی اور دوچار سے کیا وقت آگیا ہے کہ اچھے اور برے دہشت گردوںکا خاتمہ کرکے اس ملک اور پشتونخوا وطن کو امن وامان کا گہوارہ بنایا جائے اگر یہ پالیسی ترک نہیں کی گئی تو یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔

سابقہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت 22نکات تشکیل دیئے مگر ان بائیس نکات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا انہوںنے کہا کہ جنوری سے لے کراگست تک پولیس ایریا میں 1729واقعات ہوئے جبکہ لیویز ایریا میں415کرائم کے واقعات رونما ہوئے اور منصوبے کے تحت صوبے میں لیویزنظام کو ختم کرنے کے لئے ایسے حربے استعمال کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قلعہ سیف اللہ میں واقعے کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں نے پرامن احتجاج کیا مگر انتظامیہ نے دہشت گردوں کو پکڑنے کی بجائے پرامن احتجاج کرنے والوں کے گیارہ افراد پر ایف آئی آر درج کی اگر اسی طرح واقعات کا سلسلہ جاری رہا تو پھر ہم خاموش نہیں رہ سکتے ۔

عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یہاں اس ایوان میں ایسے بہت سے لوگ بیٹھے ہیں جو اس درد اور کرب سے گزرے ہیں جن کے قریبی رشتہ دار ان واقعات کا نشانہ بنے اور ایوان میں ہماری ایسی بہنیں بھی ہیں جو ان حالات سے گزری ہیں اس ملک میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کے بعد سب سے زیادہ شہادتیں سیاسی حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی نے دی ہیں اور عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت سے لے کر عام کارکن تک کسی کو بھی نہیں بخشا گیا عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کے اکلوتے بیٹے اور پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام احمد بلور کا پورا خاندان دہشت گردی کے واقعات کا شکار ہوا ولی خان کی بیٹی بھی نہیں بخشی گئی انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشدد کے فلسفے پرعمل پیرا ہیں اور دنیا ہمیں عدم تشدد کے فلسفے سے جانتی ہے اور اس وقت دنیا میں ہزاروں لوگ باچاخان پر پی ایچ ڈی کررہے ہیں چالیس سال سے ہمارے اکابرین نے کہا کہ یہ جنگ اسلام اور کفر کی جنگ نہیں ہے او رنہ ہی یہ جنگ ملک کے مفادات میں ہے مگر کچھ لوگوں نے ہمیں مختلف القابات سے نوازا آج وہی ہوا جو ہمارے اکابرین کہتے تھے کہ اگر ہم کسی کے معاملات میں مداخلت کرین گے تو ہمیں بھی نہیں بخشا جائے گا اس جنگ میں ہم نے سب کچھ کھودیا علمی اور کاروباری لحاظ سے ہم تباہ ہوئے بلوچستان اور خیبرپشتونخوا آج بھی اس ناسور کے لپیٹ میں ہے ہم شروع دن سے کہتے تھے کہ وزیرستان اور پشاور میں حالات خراب ہونے کے بعد یہاں کے پشتون علاقے بھی متاثر ہوں گے آج وہی ہورہا ہے جس کا ہم نے خدشہ ظاہر کیا تھا انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ اگر سانحہ8اگست کے واقعے کے بعد کمیشن کی رپورٹ پرعملدرآمد ہوتا تو یہ سانحات رونما نہ ہوتے اگر اس وقت کی حکومت میں ہم ہوتے تو ہم اسی وقت استعفیٰ دے دیتے کیونکہ جب ہم اس دلخراش واقعے پر کچھ نہ کرسکیں تو پھر ہماری سیاست کا کیا فائدہ ۔

انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت کی حکومت اس واقعے میں فریق بن گئی اور وکلاء کی ادائیگی بھی حکومت نے کی سانحہ 8اگست کے واقعے کے بعد سانحہ پی ٹی سی پیش آیا کھڈ کوچہ کا واقعہ بھی سابقہ حکومت میں پیش آیا کیا کسی نے ان واقعات پر کوئی بات کی کیونکہ مرکز سے لے کر صوبے تک ان کی مضبوط حکومت تھی اور تمام تر طاقت کے باوجود کچھ نہیں کرسکے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے اختلافات کے اثرات بھی ہم پرپڑے ہم ایسے خطے میں رہتے ہیں جو ہر حوالے سے مالا مال ہے اور دنیا کی نظریں بھی اسی خطے پر لگی ہوئی ہیں لوگ عطیہ اور قبضہ کرنا چاہتے ہیں دوسروں کے مفادات کی خاطر ہم اپنے آپ کو تباہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام تر اختلافات کو ختم کرنا ہوگا اور اس جنگ کے خلاف ہم سب مل کر اتحاد وا تفاق سے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا سابقہ حکومت میں شامل جماعتیں جواپنے آپ کو اس دھرتی کی پیداوار سمجھتی ہیں انہوں نے ان سانحات کی روک تھام کے لئے کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے انہوں نے کہا کہ جب یہ جنگ اس خطے میں جاری تھی تو کچھ لوگ اسے اے این پی کی جنگ سمجھتے تھے مگر سب کے سامنے ہے کہ دہشت گردوں نے کسی کو نہیں بخشا نوابزادہ سراج رئیسانی شہید ہم سب کے سامنے ہیں یہ جنگ ہم سب کی ہے یہ نہ اسلام کی جنگ ہے نہ ہی کسی اور کی جنگ ہے بلکہ اب ہمیں چوک پر یہ کہنا ہوگا کہ اس جنگ کی بربادی سے ہمیں جو مشکلات پیش آئیں اس پر سب کو سوچنا ہوگا اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم ایک ایک کرکے مارے جائیں گے ۔

عید کی خوشیاں بھی ہم تکلیف میں گزاری ہیں اسفندیار ولی خان پر عید کے روز حملہ کیا گیا آفتاب احمدخان شیرپائو پر جنازے میں حملہ کیاگیا رحمان بابا کے مزار کو بھی بم سے اڑادیا گیا پہلے سعودی عرب اور ایران کی وجہ سے ہمارا خطہ ڈسٹرب تھا اب چائنہ اور امریکہ کی جنگ میں ہمیں مارا جائے گا انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ فوری طور پر حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کے لواحقین کو معاوضہ دیں اورمتاثرین کو ملازمتیں بھی دی جائیں اگر ہم نے ان کی داد رسی نہیں کی تو آئندہ وہ ہمارے لئے بندوق اٹھا کر ہمارے ساتھ کھڑے نہیں ہوںگے۔

صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر دس فیصد بھی عملدرآمد نہیں ہوا ہے نیشنل ایکشن پلان کے اٹھارہ پوائنٹس پر عملدرآمد سے ہر قسم کی دہشت گردی پرقابو پایا جاسکتا ہے خطے کی موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ تمام ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہوں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے ہزارہ قوم سب سے زیادہ متاثر رہی ہے ہم نے سب سے بڑے سانحے کا سامنا کیا ہے بسوں سے ہمارے لوگوں کو اتار کر شناخت کرکے انہیں قتل کیا گیا سانحہ پی ٹی سی اور سول ہسپتال کے واقعے میں ہماری ریڑھ کی ہڈی پر وار کئے گئے 2012ء میں بارہ دنوں کے اندر ہزارہ قبیلے کے 31افراد کو شہر کے بیچ مصروف شاہراہوں پرقتل کیا گیا مگر اس وقت ایوان میں بیٹھے لوگوں کی توجہ اس جانب نہ ہونے سے مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا گیا جس نے نہ صرف ایک مسلک یازبان نہیں بلکہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے سے یقینا صوبے میں دہشت گردی کا خاتمہ اور بیرونی مداخلت کو روکا جاسکے گا لیویز ، ایف سی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارو ں نے دہشت گردی کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ملک میں قیام امن کو یقینی بنایا ہے ان کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں تاہم ضروری ہے کہ بیرونی ایجنڈوں کو عوام کے سامنے لایا جائے تاکہ عوام کو صورتحال اور محرکات سے باخبر رکھا جاسکے ۔

جمعیت العلماء اسلام کے ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے دہشت گردی کی حمایت کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تاہم دہشت گردی کے نام پر معصوم لوگوں کو ہراساں کرنا مناسب عمل نہیں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دہشت گردی نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی آڑ میں مسلم ممالک کو کمزور کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں دہشت گردی نے افغانستان ، عراق ، لیبیا ، فلسطین کو تباہ و برباد کردیا ہے کشمیر میں ہونے والے مظالم سب کے سامنے عیاں ہیں ایسے میں پاکستان کی پارلیمنٹ اور باشعور عوام کو سوچنا ہوگا کہ ترکی اور پاکستان دونوں بین الاقوامی دہشت گردوں کی نظروں میں ہیں ایسے میں ہمارا کردار کیا ہوگا اس پر سوچنا چاہئے انہوں نے کہا کہ دینی مدارس پر حملے ہورہے ہیں طلباء وطالبات کو ہراساں کیا جارہا ہے تاکہ دینی مدارس جو کہ اسلام کے قلعے ہیں انہیں کمزور کیا جاسکے 2010ء میںمدارس کے منتظمین اور وفاقی حکومت کے مابین ایک معاہدہ طے پایاتھا کہ مدارس کو وزارت داخلہ کی بجائے محکمہ تعلیم سے جوڑا جائے گا مگر اس پر اب تک کسی قسم کا عملدرآمد نہیں ہوا ۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے قائد مولانا فضل الرحمان ، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر اکابرین پر دہشت گردانہ حملے ہوئے آج تک ان واقعات میںملوث کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے دہشت گردوں کا تعین ہونا چاہئے قلعہ سیف اللہ اور پشین میں دہشت گردی کے واقعات ایک گہری سازش ہے جس کے ذریعے صوبے میں بدامنی کو پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے اقلیتی رکن دنیش کمار نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لواحقین کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے میں نے چھ ستمبر کو وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہداء کے گھروں میں گیا جہاں ان کے لواحقین نے بتایا کہ انہیں معاوضہ تاخیر سے فراہم کیا جاتا ہے جو درست اقدام نہیں ہے انہوں نے بھارتی جرنیل کی جانب سے پاکستان کے خلاف گیڈر بھھکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم پرامن ہے مگر اس کی امن پسندی اور شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے اگر بھارت نے کوئی غلطی کی تو سب سے پہلے بلوچستان کے عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے اور بھارت نے غلطی کی تو پھر اس کا نام و نشان بھی نہیں رہے گا انہوں نے زور دیا کہ بھارتی جنرل کے بیان کے خلاف ایوان سے مذمتی قرارداد منظور کی جائے ۔

جمعیت علماء اسلام کے اصغرعلی ترین نے شہید لیویز اہلکاروں کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پشین جیسے پرامن ضلع میں یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا ہمیں دیکھنا ہوگا کہ پشین جیسے پرامن شہر میں یہ واقعہ کیوں پیش آیا ضلع پشین نوے فیصد لیویز اور دس فیصد پولیس ایریا پر مشتمل ہے ۔ پشین لیویز میں تحصیلداروں کی چودہ آسامیاں ہیں مگر اس وقت صرف6تحصیلدار کام کررہے ہیں 8آسامیاں خالی ہیں تحصیلدار لیویز کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جب اتنی تعداد میں آسامیاں خالی ہوں تو پھر نظام کو کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے لیویز کے پاس گاڑیاں، فیول اور دیگر سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں دوسری جانب پشین میں پولیس حکام کی جانب سے نفری کی کمی کی بات کی جاتی ہے جب وجہ پوچھی جائے تو بتایا جاتا ہے کہ پشین سے نفری کوئٹہ طلب کی گئی ہے اسی طرح ایک پولیس افسر کو دو دو چارج دیئے گئے ہیں پشین میں صرف ایک پولیس چیک پوسٹ ہے ضرورت کے مطابق چیک پوسٹیں قائم کی جائیں ۔

انہوںنے زور دیا کہ پشین سے کوئٹہ نفری طلب کرنے کا سلسلہ بند ایک پولیس افسر کو ایک عہدے کا چارج دیا جائے اور لیویز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔جمہوری وطن پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ گہرام بگٹی نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے سیکورٹی فورسزاور عوام نے جو قربانیاں دی ہیں اس پر ہم انہیں سرخ سلام پیش کرتے ہیں یہاں پر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عوام نے سوچ اور نظریے کے لئے قربانیاں دی ہیں تاکہ یہاںپر عوام پر امن طور پر رہ سکیں ڈیرہ بگٹی میں ماضی میں دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے مگر اب ان واقعات میں بہت کمی آئی ہے مگر گزشتہ رات دہشت گردوں نے تین مزدوروں کو نشانہ بنایا بدقسمتی سے وہاں لیویز اور پولیس کے اہلکار ڈیوٹیاں نہیں دیتے اور جب ہم ان سے پوچھتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ وہ ڈسٹرکٹ سے باہر ڈیوٹی دے رہے ہیں اگر پولیس اور لیویزکے اہلکار ڈیوٹیاں نہیں دیں گے تو امن وامان کی صورتحال کیسے بہتر ہوگی کیا تمام تر ذمہ داری ایف سی کی ہے کہ صرف وہ ہی ڈیوٹیاں کریں لیویز اہلکار قبائلی معتبرین کے ساتھ ڈیوٹیاں دیتے ہیں اور ایسے اہلکار بھی ہیں جو گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے جس طریقے سے احمقانہ بیان دیا ہے اس کی ہم مذمت کرتے ہیں اس بیان کے بعد را کے ایجنٹ پھر ایکٹیو ہوں گے اور یہاں حالات خراب کرنے کی کوشش کریں گے اگر کسی نے بھی ملک پر میلی نگاہ ڈالی تو ہم ملک کا دفاع کریں گے ۔

بی این پی کے رکن اختر حسین لانگو نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کا مسئلہ سب سے بڑا مسئلہ ہے سریاب روڈ پر جب نقوی صاحب کو شہید کیاگیا تو سب سے پہلے ہم نے آواز اٹھائی مگر بدقسمتی سے اداروں نے دہشت گردوں کو پکڑنے کی بجائے وہاں صرف چیک پوسٹ بنائی کیا دہشت گردوں کے ساتھ ایسا معاہدہ ہوا ہے کہ وہ دوبارہ آکر یہاں دہشت گردی کریں گے ہمارا خطہ حالت جنگ میں ہے جان بوجھ کر ہم نے دوسروں کی جنگ میں اپنے آپ کو فریق بنایا اور ایندھن بن کر اپنے آپ کو تباہی و بربادی سے دوچار کیا بلوچستان کے تمام بارڈر پر چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ہمارے ملک کو بین الاقوامی اڈہ بنادیا گیا ہے جو بھی آتا ہے اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی وہ آکر ہمارے بازاروں میں مقیم ہوجاتے ہیں باہر ممالک سے آنے والے مہاجرین کا ڈیٹا کسی کے پاس نہیں ہے اگر صورتحال یہی رہی تو یہاں کے لوگ اقلیت میں اور مہاجرین اکثریت میں ہوں گے۔

پولیس امن وامان کی بہتری کے لئے دوسرے کاموں میں مصروف رہتی ہے ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ نے کہا کہ ہمارے ہاں سیاسی و سماجی مسائل بہت زیادہ ہیں 34ارب روپے ہر سال امن وامان کے لئے مختص کئے جاتے ہیں فی کس اخراجات2835بنتی ہے پاکستان میں سب سے امن وامان پر بلوچستان میں فنڈز خرچ ہوتے ہیں اگر تعلیم اور صحت پر توجہ دی جاتی تو یہاں حالات بہتری کی طرف جاتے ۔

بے روزگاری میں اضافہ اور لوگوں کو صاف پانی میسر نہ ہونا بھی لوگوںکو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کرتا ہے ہمارے ہاں سب سے بڑا مسئلہ معاشرے میں ہونے والی ناانصافیاں ہیں بلوچستان میں بیرونی مداخلت بھی موجود ہے افغانستان اور ایران کے ساتھ ہماری سرحد لگی ہوئی ہے اب ہمیں معاشی طو رپر بلوچستان کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے جب یہاں فوڈ سیکورٹی ، ہیلتھ سیکورٹی اور تعلیمی سیکورٹی کا مسئلہ ہو توامن وامان کیسے بہتر کرسکتے ہیں جب بھی کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں ٹراما سینٹر میں تین آپریشن تھیٹرز ہیں جن میں صرف ایک فنکشنل ہے باقی دو پر اب تک کام نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ لیویز کے لئے صوبائی کابینہ نے 8ارب روپے مختص کئے ہیں اگر یہ آٹھ ارب روپے بلوچستان کی تعلیمی بہتری اور فوڈ سیکورٹی کے لئے خرچ کرتے تو صورتحال بہترہوتی اس وقت 66فیصدبچے بھوک سے مرتے ہیں اور دہشت گردی سے دس فیصد لوگ مرتے ہیں بلوچستان کے اندر شعور پیدا کرنا ہوگا ۔ مشرف کے دور میں گیارہ ارب روپے پولیس و لیویز کے لئے مختص ہوئے ان میں چھ ارب روپے سیمنٹ سریا اوردوسرے کاموں پر خرچ ہوا مگر آج بھی جہاں جہاں چیک پوسٹیں ہیں ان کی حالت بہتر نہیں ہے ۔

صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر سلیم کھوسہ نے بحث سمیٹتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ پشین اور قلعہ سیف اللہ میں حالیہ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے چند لوگ گرفتار کرلئے گئے ہیں مزید تفتیش کا عمل بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سوفیصد عملدرآمد سے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی انہوںنے کہا کہ لیویز فورس کی تجدید نو کرکے صوبے کے نوے فیصد علاقوں میں قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا سی پیک کے حوالے سے نیشنل پروٹیکشن یونٹ لیویز کے حوالے کیا جائے گا لیویز میں تفتیش ، بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر متعدد شعبے قائم ہیں جنہیں فعال بنایا جارہا ہے انہو ںنے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے پاک افغان اور ایران سرحد پر باڑ لگنے سے دہشت گردی پر قابو پایا جائے گا اور سیکورٹی کے معاملات بہتر ہوں گے کوئٹہ شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ پر آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا جس کے تحت کوئٹہ شہر میں چودہ سو کیمروں کی تنصیب کی جائے گی ۔

شہداء کے ورثاء کو معاوضے کی ادائیگی اور پسماندگان کو نوکریوں کی فراہمی کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس میں اس ایوان میں موجود اراکین حکومت کو اپنی تجاویز دیں انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں حالات کی خرابی میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں جن کی روک تھام کے لئے عام عوام سیکورٹی اداروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ معاونت کو یقینی بنائیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی فورسز نے قیام امن کو یقینی بنایا اور اس کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔اس موقع پر اجلاس کی صدارت کرنے والے پینل آف چیئر مین اصغرخان اچکزئی نے صوبائی وزیر داخلہ سے کہا کہ قلعہ سیف اللہ واقعے کے بعد وہاں درج ہونے والی ایف آئی آر کو دیکھیں کیونکہ ایسے واقعے کے بعدعوام کی جانب سے احتجاج ایک فطری عمل ہوتا ہے جس پر صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کہ وہ ایف آئی آر کی نوعیت دیکھ کر اس سلسلے میں کوئی اقدام کرسکیں گے پینل آف چیئر مین کے رکن اصغرخان اچکزئی نے کہا کہ چونکہ تحریک التواء پر سیر حاصل بحث ہوچکی انہوں نے ارکان کی رائے سے تحریک التواء نمٹانے اور پی ایس ڈی پی و این ایف سی ایوارڈ میں تاخیر سے متعلق بحث آئندہ اجلاس میں کرانے کی رولنگ دی اور اجلاس 28ستمبر تک ملتوی کردیا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں