صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کا کوئٹہ شہر میں واسا کی جانب سے صارفین کو پانی کی سپلائی کی بندش کا نوٹس،

متعلقہ حکام کوفوری طور پر پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کی ہدایت

پیر 15 اکتوبر 2018 17:46

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ واسا نور محمد دمڑ نے کوئٹہ شہر میں واسا کی جانب سے صارفین کو پانی کی سپلائی کی بندش کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ای اور مینیجنگ ڈائریکٹر واسا سے اس بندش کی وجہ طلب کر لی، صوبائی وزیر کو عوامی حلقوں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بلا جواز پانی کی بندش کی شکایات موصول ہوئیں جس پر انہوں نے سیکرٹری پی ایچ ای سے اس بابت وضاحت طلب کی تو انہوں نے متعلقہ اقدام سے لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایات جاری کیں کہ آپ نے شہر میں پانی کی بندش کا سخت اقدام اٹھانے سے پہلے بالا حکام کواعتماد میں کیوں نہیں لیا اور نہ ہی اس حوالے سے صوبائی وزیر /چیئرمین واسا کو اعتماد میں لیا ، صوبائی وزیر پی ایچ ای نے پانی کی بندش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے جہاں تک ممکن ہو سکے گا ہم عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ،انہوں نے متعلقہ حکام کوفوری طور پر پانی کی سپلائی کی بحالی کے احکامات جاری کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ذمہ محکمہ واسا کے بقایاجات فوری طور پر جمع کرائیں تاکہ محکمہ کے مسائل بھی حل ہو سکیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے ہر گھر کو پانی کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان ٹھوس اقدامات اٹھانے کیلئے پر عزم ہیں اسی سلسلے میں ڈیمز کی تعمیر اور پانی کے ضیاع کو روکنے مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے لہذا عوام بھی ہمارے ساتھ تعاون کر کے اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں