ٹریفک کے مسائل کے حل اور لوکل ٹرانسپورٹ کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن حبیب اللہ خان

منگل 16 اکتوبر 2018 20:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن حبیب اللہ خان نے کہا کہ شہرمیں ٹریفک کے مسائل کے حل اور لوکل ٹرانسپورٹ کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں لوکل روٹ کی تمام لوکل بسوں کا پلان کے مطابق معائنہ اور مکمل جانچ پٹرتال کا عمل جاری ہے۔

جس سے شہر میں لوکل ٹرانسپورٹ کی صورتحال میں بہتری واقع ہوگی اور عوام کوبھی سہولیات مل سکیں گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر اسپنی روڈ اور جبل نور روٹ کی لوکل بسوں کے کنڈیشن کا معائنہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری متحدہ لوکل بس فنڈریشن شیراحمد بلوچ،صدر حا جی محمد اسحاق بازئی ،نائب صدر ملک ضمیر شاہوانی اور سرپرست اعلیٰ اختر جان کاکڑ کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آرٹی اے کوئٹہ نے کہاکہ شہر میں لوکل بسوں کی حالت بہتر ہونے سے شہر میں آلودگی اور ٹریفک کے مسائل حل ہونگے کوئٹہ میں گاڑیوں سے نکلنے والے دھواں سے آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے لہذا لوکل بسوں کی باقاعد گی کے ساتھ معائنہ ہونے سے کنڈیشن درست اور آلودگی پر بھی قابو پایا جاسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں غیر قانونی اور جعلی رکشوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کے ہمراہ ان کے خلاف چیکنگ کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ روزانہ لاکھوںافراد لوکل بسوں میں سفر کرتے ہیں لہذالوکل بسوں کی کنڈیشن درست ہونے سے کارروبار بہتر اور مسافروں کو سستی سواری بھی میسر آئے گی۔انہوں نے لوکل ٹرانسپورٹرزکو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بسوں کی کنڈیشن درست کریں اور ان کی مرمت اور حالت پر خصوصی توجہ دیں۔تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ملیں۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں جبکہ لوکل بسوں کی معائنہ رپورٹ مکمل کرکے عملدرآمد کرانے کے لئے اعلیٰ حکام کو بجھوائی جائے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں