پولیس کے جوانوں اور آفیسران کی قربانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،محمد سلیم لہڑی .

بلوچستان میں امن وامان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تربیت دی جارہی ہے،کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج

منگل 23 اکتوبر 2018 17:48

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) پولیس ٹریننگ کالج کے کمانڈنٹ محمد سلیم لہڑی نے کہاکہ پولیس کے جوانوں اور آفیسران کی قربانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں بلوچستان میں امن وامان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تربیت دی جارہی ہے۔بلوچستان میں امن کی بحالی میں ٹارگٹ کلنگ ،دہشت گردی ،اغواء برائے تاوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملوں جیسے چیلجز کا سامنا تھا۔

جس پر قابو پانے کے لئے پولیس اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ۔ یہ بات انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج کی 87ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹبلری اشرف زبیر صدیقی،ڈی آئی جی پولیس ہائی ویز وزیر خان ناصر ،ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نصیب اللہ خان ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن جواد طارق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پولیس ٹریننگ کالج کے کمانڈنٹ محمد سلیم لہڑی نے کہاکہ پولیس نے ہمیشہ اپنے فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے ۔ملک بھر کی طرح بلوچستان کے مخصوص حالات اور دہشت گردانہ کارروائیوں سمیت دیگر چیلنجر کا سامنا رہا ہے۔جس سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمہ وقت پولیس تیار رہتی ہے۔ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا صوبہ ہے۔

جس کی سرحدیں دو ہمسایہ ممالک ایران اورافغانستان سے ملتی ہیں ۔ہزاروں کلومیٹرپر پھیلا ہواکھلا ہوا بارڈر ہونے کی وجہ سے ہمیں بیرونی خطرات کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے لئے بھی چیلنج بنارہتا ہے۔اور پولیس کے لئے بھی یہ کسی چیلنج سے کم نہیں پولیس کے جوان انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کے بعد ان چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اورملک کے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کررہی ہے۔

پولیس کے بہادر آفیسران اور جوانوں نے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور فرائض کی ادائیگی کے لئے جانیں قربان کرکے شہادت کا رتبہ پایا ہے جنھیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں پولیس کو جدید خطوط پر استوار پر تربیب اور حکمت عملی کی وجہ سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تربیت مکمل کرنے والے جوان اپنے تھانوں ،پولیس لائن میں جاکر اپنے آفسران کی زیر کمان مضبوط حکمت عملی اور فولادی عزم سے دہشت گردوں ،اغواء کاروں ،ظالموں ،ملک دشمن عناصر ،خون ناحق بہانے والوں کے خلاف گھیر ا تنگ کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اورفرائض کی ادائیگی کے دوران انسانی حقوق کا احترام اور شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں گے۔

انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں