عوامی نیشنل پارٹی کا 16نومبر کے کامیاب اور عظیم الشان جلسہ عام پر پارٹی کارکنوں اور پشتون عوام سے اظہار تشکر

پارٹی پارلیمنٹ سے لے کر عوامی اجتماعات اور تنظیمی فورم تک ہر جگہ اجتماعی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی، پشتونوں کو کبھی بھی مایوس نہیں کیا جائے گا،بیان

اتوار 18 نومبر 2018 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں 16نومبر کے کامیاب اور عظیم الشان جلسہ عام پر پارٹی کارکنوں اور پشتون عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی شہداکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور یقین دلاتی ہے کہ اکابرین اورشہداکے ارمانوں کی تکمیل کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ،پارٹی پارلیمنٹ سے لے کر عوامی اجتماعات اور تنظیمی فورم تک ہر جگہ اجتماعی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کے لئے بھرپور جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھے گی اور پشتونوں کو کبھی بھی مایوس نہیں کیا جائے گا۔

اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے مرکزی رہنماشہید حاجی جیلانی خان اچکزئی کی آٹھویں برسی کے موقع پر 16نومبر کو چمن میں منعقدہ جلسہ عام میں پارٹی کارکنوں ، غیور پشتون اولس کی بھرپور شرکت ہم پر عوام کے اعتماد کابھرپور مظہر ہے ہمارے لئے اقتدار اور پارلیمنٹ سے زیادہ اہمیت اپنے لوگوں کی ہے باوجود اس کے کہ حالیہ عام انتخابات میںپارٹی قیادت کی راہ روکنے اور انہیں پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کی سازشیں ہوئیں اس کے باوجودایک فعال اور منظم تنظیم کی بدولت پارٹی نے صوبے میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کی اور تنظیم ہی کی برکت ہے کہ پشتون قومی تحریک آج اپنے تیسرے پڑا میں انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے ہدف کی طرف گامزن ہے اور پشتون افغان تاریخ میں پہلی بار فخر افغان باچاخان نے تنظیم کا تصور دیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں ضلع قلعہ عبداللہ ، تحصیل چمن ، سینئر اراکین ، دیگر اضلاع کے ذمہ داران ، پشتون ایس ایف ، نیشنل یوتھ کے ساتھیوں کی دن رات کوششوں سے جلسہ عام کامیابی سے ہمکنار ہوا جس پروہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ بیان میں چمن کے غیور عوام،علمائے کرام ، قبائلی عمائدین ، اقلیتی برادری ،چمن کے مقامی تاجروں ، انتظامیہ ،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ، کارپوریشن کے عملے ،ٹریفک حکام،بہی خواہوں کاتہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی اپنے عوام کے اعتماد کو کسی بھی مرحلے پر ٹھیس نہیں پہنچائے گی اور پشتون قومی ارمانوں کی تکمیل کے لئے فعال اور منظم جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں