بلوچستان حکومت اپریل میں کوئٹہ میں نیشنل گیمز کا انعقاد کرے گی، صوبائی مشیر کھیل وثقافت عبدالخالق ہزار ہ کی’’اے پی پی‘‘بات چیت

بدھ 12 دسمبر 2018 19:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) صوبائی مشیر کھیل وثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ترقیاتی کاموں اور ملازمتوں پربھرتیاں میرٹ پر کرنے کا عزم کررکھا ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ماضی کے مقابلے میں امن وامان کے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، صوبائی حکومت اپریل 2019میں کوئٹہ میں نیشنل گیمز کا انعقاد کرے گی جس سے نہ صرف صوبے کے عوام کو معیاری کھیل دیکھنے کو ملے گابلکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

بدھ کو ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی مشیرکھیل وثقافت نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی کاموں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی کاموں کو شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ اس کے مثبت اثرات سے عوام کی معیار زندگی بلند ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ2004ء کے بعد کوئٹہ میں نیشنل گیمز نہیں ہوئیں، آئندہ سال اپریل میں نیشنل گیمز کا انعقاد کریں گے جس سے صوبے کے عوام کو معیاری کھیل دیکھنے کو ملے گا اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں امن وامان میں بہتری آئی ہے، سابق دور حکومت میں مذہب ،قوم پرستی کرپشن اور اقرباء پروری کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیلی ہوئی تاہم موجودہ حکومت کے اقدامات سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال نسبتاً بہتری آئی ہے ،اغواء برائے تاوان ،ٹارگٹ کلنگ میں کمی واقع ہوئی ہے ۔صوبائی مشیر نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر ان کے امیدوں پر پورا اترنے کے لئے بھر پورکوشش کررہے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں