بلوچستان کے علاقے اور ماڑہ میں کیڈٹ کالج کا قیام پاکستان نیوی کا ایک لائق تحسین اقدام ہے ، امان اللہ خان یاسین زئی

اور ماڑہ میں کیڈٹ کالج کے ذریعے بلوچستان کے طلبہ کو معیاری تعلیم و تربیت کے ساتھ دیگر تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں،گورنر بلوچستان

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:12

بلوچستان کے علاقے اور ماڑہ میں کیڈٹ کالج کا قیام پاکستان نیوی کا ایک لائق تحسین اقدام ہے ، امان اللہ خان یاسین زئی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے اور ماڑہ میں کیڈٹ کالج کا قیام پاکستان نیوی کا ایک لائق تحسین اقدام ہے ۔ پاکستان نیوی ملک کی ساحلی حدود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فروغ تعلیم اور مقامی افراد کی فلاح و بہبود پر بھی بھر پور طریقے سے عمل پیرا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اور ماڑہ میں کیڈٹ کالج کے ذریعے بلوچستان کے طلبہ کو معیاری تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ دیگر تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں مقامی نوجوان تعلیم حاصل کرکے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردا ر ادا کریں گے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گوادر کے تحصیل اور ماڑہ میں کیڈٹ کالج اور ماڑہ میں والدین کے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریئر ایڈ مرل معظم الیاس ( ہلال امتیاز ملٹری ) کمانڈر کوسٹ ، کمو ڈور مسعود الحسن ( ستارہ امتیاز ملٹری ) پرنسپل کیڈٹ کالج اور ماڑہ کے علاوہ والدین اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کالج بلوچستان کی ترقی میں مقامی سطح پر تعلیمی صلاحیتوں اور قابلیتوں سے لیس افرادی قوت کی فراہمی میں اپنا کردا ر بھر پور طریقے سے ادا کرے گا۔ بلا شبہ تعلیم کا حصول ہی ہماری ترقی و خوشحالی کا واحد ذریعہ ہے ۔ پاکستان نیوی کا یہ اقدام حکومت کی فروغ تعلیم کے لئے کی جانے والی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس کے لئے میں پاکستان نیوی کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے طلباء سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کا مستقبل ہیں آپ ہی قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں مستقبل میں اس ملک کی بھاگ دوڑ آپ کے ہاتھوں میں ہوگی اس ملک کا مستقبل صرف اسی صورت میں محفوظ ہوسکتا ہے کہ جب آپ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں ۔ آپ کا فرض بنتا ہے کہ حصول تعلیم کے لئے دن رات محنت کریں ۔ ہمارا دین بھی ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے جس کا اندازہ نبی کریم ﷺ کے اس فرمان سے لگایا جاسکتا ہے کہ علم کا حصول ہر مسلمان پر فرض ہے ۔

تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جن قوموں نے علم کے حصول کو مشعل راہ بنایا انہوںنے دنیا میں بلند مقام پایا ۔ تعلیم ہی ایک ایسی طاقت ہے جس کے ذریعے ہم ایک مضبوط پر امن اور ترقی یافتہ معاشرے کو تشکیل دے سکتے ہیں ۔ آپ اپنے والدین اور اساتذہ کی رہنمائی سے ہر وقت مستفید رہیں۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ الحمد اللہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔

گوادر پورٹ کی تعمیر ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے علاوہ بلوچستان میں مزید کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے اور روزگار کے نئے مواقع میسر ہورہے ہیں ۔ ترقی کی اس موجودہ رفتار کو مد نظر رکھتے ہوئے وقت دور نہیں جب یہ خطہ بھی پاکستان کے دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کی طرح خوشحال ہوگا اس ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پاکستان او ر اس کے تمام ادارے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے پاکستان نیوی ، اور ماڑہ کے معزز عوام اور عہدید اران کی کاوشوں کو سراہا جن کی سرپرستی اور تعاون سے اس کالج قیام عمل میں آیا ہے اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر کیڈٹ کالج اور ماڑہ کے پرنسپل ، منتظمین ، اساتذہ اور کیڈٹس کو مبار کباد پیش کی ۔ اوران تمام کیڈٹس اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مختلف مواقع پر شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا اور مختلف اعزازات اپنے نام کیے ۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ آپ ان اعزاز کو برقرار رکھنے کیلئے مزید محنت اور لگن کے ساتھ کام کرتے رہیں گے ۔ آخر میں گورنر نے منتظمین اور طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں