محکمہ صحت کو پرائیویٹ ریگولیٹری ایکٹ 2004 کو موثر انداز میں نافذ العمل بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کے احکامات جاری

اتوار 16 دسمبر 2018 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری نے محکمہ صحت کو پرائیویٹ ریگولیٹری ایکٹ 2004 کو موثر انداز میں نافذ العمل بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کے احکامات جاری کئے ہیں اور ان ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ نے مذکورہ ایکٹ کے تحت قائم کی جانے والی اتھارٹی جو کہ عرصہ دراز سے مکمل غیر فعال تھی کو دوبارہ فعال کیا ہے اور اتھارٹی کی جانب سے صوبے کے تمام نجی ہسپتالوں کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں ان تمام ہسپتالوں کو صحت کے حوالے سے تمام جدید سہولیات عوام کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، اتھارٹی کی جانب سے ان ہسپتالوں میں موجود لیبارٹریوں کو بھی دور جدید کے تقاضوں کے مطابق بنانے کا حکم جاری کیا گیا ہے، معیار پر پورا نہ اترنے اور غیر لائسنس یافتہ نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو سیل کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں جہاں عوام کو خدمات کی فراہمی کے دیگر شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے وہاں صحت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر اہمیت دی جا رہی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی دلچسپی سے جہاں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبے سامنے لائے جا رہے ہیں وہاں نجی ہسپتالوں کو عوام کو جدید اور سستے علاج کی فراہمی کے لیے پابند بنایا جارہا ہے، اس ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنروں کی زیر نگرانی ضلعی نجی ہسپتال بورڈز کو متحرک اور فعال بنائے جانے کے لیے بھی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے موجودہ حکومت کی خصوصی کاوشوں سے جلد ہی نجی ہسپتالوں میں عوام کو صحت کے حوالے اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی کا آغاز ہو گا اور نہ صرف نجی ہسپتالوں کی حالت زار میں بہتری آئے گی اور ان میں موجودہ لیبارٹریوں میں بھی ہر طرح کی سہولیات میسر ہونگی، نجی ہسپتال ریگولیٹری ایکٹ 2004 کو مکمل فعال کرنے سے صحت کے شعبے میں عوام کو مستقبل قریب میں ایک مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں