بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ، بارکھان ، لسبیلہ اور زیارت میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ،بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا

ہفتہ 12 جنوری 2019 19:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف پڑی، کوئٹہ میں طویل عرصے بعد بارشوں سے جہاں شہری خوش ہوئے وہیں ابر رحمت زحمت بنی تو انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ گزشتہ رات شروع ہوا،چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،جبکہ وسط ،اطراف کے علاقوں ہنہ اوڑک، ہنہ جھیل اور پہاڑوں پر ہلکی برف بھی پڑی طویل عرصے بعد بارش اور برفباری سے شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے اور انہوں نے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے تفریحی مقامات کا رخ کیا،شہریوں کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد بارش اور برفباری سے خشک سالی اور موسمی بیماریوں کا خاتمہ ہو گا۔

دوسری جانب بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے،بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

بارش نے شہر میں صفائی کا پول بھی کھول دیا، سیوریج لائنیں اور برساتی نالے بند ہوئے تو گندا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا جس کے سبب شہریوں کو آ?مدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ضلع زیارت میں بھی موسم سرما کی پہلی برف پڑی محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.5 ملی میٹر برف باری ریکارڈ کی گئی ، برفباری کے باعث بڑی تعداد میں سیاح زیارت پہنچ گئے اور حسین موسم سے لطف اندوز ہوئے۔

کوئٹہ اور زیارت کے علاوہ ،لسبیلہ میں 7 ،بارکھان میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قلات ، سبی ، نصیر آباد اور ڑوب ڈویڑنز کے اکثر مقامات پر بھی بارش اور پہاڑوں پر برف پڑی محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،کوئٹہ اور ڑوب میں صفر جبکہ پنجگور میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ، بارکھان ، لسبیلہ اور زیارت میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے جبکہ بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں